کراچی،غربت ، مفلسی اور بے راہ روی کی بنیادی وجہ ناانصافی ،بدامنی اور فساد پر مبنی معاشرہ ہے،حافظ نعیم الرحمن

حکومتی اختیارات عدل و انصاف اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہ کرنے والوں کے پاس ہے،جماعت اسلامی ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں عدل وانصاف ہو ، ہر شہری کو اس کا جائز حق ملے، شہرکا بڑا مسئلہ پانی اور بجلی کا ہے،امیر جماعت اسلامی کراچی کا تقریب سے خطاب

اتوار 27 مئی 2018 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غربت ، مفلسی اور بے راہ روی کی بنیادی وجہ ناانصافی ،بدامنی اور فساد پر مبنی معاشرہ ہے ، غریب کو اس کا حق دینے کے بجائے اس کااستحصال کیا جاتا رہا ہے ،حکومتی اختیارات ان لوگوں کے پاس ہیں جو لوگوں میں عدل و انصاف نہیں کرتے ، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں کرتے ، شہر میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پانی اور بجلی کا ہے ، رمضان المبارک کے مہینے میں بھی شہریوں کو پانی اور بجلی سے محروم کیا ہواہے ،جماعت اسلامی ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں عدل وانصاف ہو ، ہر شہری کو اس کا جائز حق ملے ، ہم چاہتے ہیں کہ آج جو لوگ راشن لینے آئے ہیں کل یہی لوگ راشن دینے والوں میں شامل ہوجائیں اس کے لیے ہم سب کو مل کر ایک اسلامی معاشرے کو قائم کرنا ہوگا اور ایسے لوگوں کو اقتدار میں لانا ہوگا جو عد ل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی گلبر گ زون کے تحت تقریب الخدمت مفت بازار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے گلبرگ ٹاؤن کے سابق ناظم فاروق نعمت اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی گلبرگ زون مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے تسلسل کے ساتھ ہر سال الخدمت بازار کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس کلچر کو عام کیا کہ معاشرے میں سفید پوش لوگوں کے سر پر ہاتھ رکھیں جو معمول کی زندگی گزارنے میں مشکل محسو س کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کے حوالے سے ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے ۔ دینی مدارس، مساجد ، کفالت یتامی ، اسپتال اور اسی طرح سے راشن کی تقسیم میں پاکستان سر فہرست ہے اور پاکستان میں سب سے زیادہ کراچی میں وہ مخیر حضرات ہیں جو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے میں مسابقت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کراچی پاکستان کا مرکز بنا ہوا ہے ، پوری دنیا کے لوگ کراچی آتے ہیں ،دین کے کاموں میں تعاون کے لیے ، دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اور امت مسلمہ میں جہاں کہیں بھی مسلمان مسائل کا شکار ہوتے ہیں خصوصاً برما، روہنگیا ، فلسطین اور شام کے مظلوم مسلمانوں کی امدا د کے لیے کراچی کے لوگوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کو حصہ لیا ہے اور ان کی دل کھول کر امداد کی ہے اور اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ الخدمت ایک فلاحی تنظیم ہے جو محدود وسائل کے باوجود پورے ملک میں خدمت خلق میں مصروف ہے ، کراچی میں 6بڑے اسپتال قائم کیے گئے ہیں جہاں انتہائی سستا علاج کیا جاتا ہے ، تعلیم کے میدان میں حلقہ خواتین کے تحت بیٹھک اسکول کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں یتیم بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے ، پورے پاکستان میں الخدمت کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو انتہائی سستا پانی فراہم کیا جاتا ہے اور سب سے بڑھ کر کفالت یتامیٰ کی مد میں پورے پاکستان میں 12ہزار ایسے بچے ہیں جن کے والدین نہیں ہیں ان کی ماہانہ کفالت کی جاتی ہے اور اس حوالے سے پورے پاکستان میں آغوش سینٹر قائم کیے گئے ہیں اور گلشن معما ر میں بھی بہت جلد آغوش سینٹر قائم ہونے والا ہے جہاں بچوں کو دین کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی دی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی محدود وسائل کے باوجود انسانی خدمت میں مصروف ہے لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں غریب اور متوسط گھرانوں کی ہر طرح سے امداد کرے ۔ معاشرے سے بد امنی ، خرابی کو دور کرے انہوں نے کہاکہ ملک میں زندگی کا نظام ، اختیارات ان لوگوں کے ہاتھ میں جب تک نہیں ہوگا اس وقت تک مسائل بڑھتے رہیں گے اور معاشرہ بد امنی اور خرابی کی جانب بڑھتا رہے گا ۔

عوام اسی طرح بنیادی ضروریات کی زندگی سے محروم ہوتے رہیں گے ، پانی و بجلی کے مسائل بڑھتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے دور اقتدار میں محدود وسائل کے ہوتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کام کرکے دکھائے اور کراچی کو تعمیر و ترقی کی جانب گامزن کیا۔ کراچی کے عوام کے پاس سنہری موقع ہے وہ الیکشن میں ان لوگوں کو ساتھ دیں جو کرپشن سے پاک اور امانت دار لوگ ہیں تاکہ کراچی کی روشنیاں اور اس کا مذہبی تشخص پھر سے بحال ہوسکے ۔#