کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ڈپارٹمینٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن ہوا

جس میں کالج میں تدریسی عملے کی ترقی کے معاملات شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر انجام دینے پر اطمینان کا اظہار کیا تمام پروموشن کیسز کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ شعبے میں تجربے اور اہلیت کی بنیاد پر ترقیاں دی گئیں

اتوار 27 مئی 2018 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ڈپارٹمینٹل پروموشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کالج میں تدریسی عملے کی ترقی کے معاملات شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر انجام دیئے جا رہے ہیںاور ڈی پی سی کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں تمام پروموشن کیسز کا باری باری جائزہ لینے کے بعد متعلقہ شعبے میں تجربے اور اہلیت کی بنیاد پر ترقیاں دی گئی ہیں جس کے نتیجے میں کالج میں تدریس کا معیار مزید بہتر ہوگا اور جہاں جہاں فیکلٹی میں کوئی کمی تھی وہ دور ہوجائے گی، اس موقع پر ڈی پی سی کمیٹی کے ارکان ، گورننگ باڈی کی رکن ڈاکٹر نکہت شکیل، چیئرپرسن معالجات کمیٹی ناہید فاطمہ، کالج کے پرنسپل پروفیسر محمود حیدر، سینئر ڈائریکٹر نرگس شگفتہ اور پروفیسر سلیم اللہ بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران جن شعبوں میں ڈاکٹرز کو ترقی دی گئی ان میں سرجری ، گائنی، میڈیسن اور اس سے ملحقہ آرتھوپیڈک، پیڈز، نیورولوجی، نیفرولوجی،برنس، پلاسٹک سرجری، پیتھالوجی، کمیونٹی میڈیسن، فزیالوجی، ڈینٹل ڈپارٹمنٹ، اورل پیتھالوجی، کمیونٹی ڈینٹسٹری، آرتھو ڈونٹکس، اورل بایولوجی، ڈینٹل مٹیریل سمیت مختلف شعبے شامل تھے جہاںپروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور سینئر رجسٹرارکی آسامی پرمتعلقہ اہلیت کے حامل عملے کو سینیارٹی لسٹ کی بنیاد پر ترقی دی گئی ہے، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج شہر کا ایک بہترین طبی تعلیمی ادارہ ہے جہاں خالصتاً اہلیت کی بنیاد پر مختلف شعبوں کی فیکلٹی اور دیگر عملے کا تقرر کیا جاتا ہے تاکہ کالج میں تدریسی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹرز کی ترقی کے معاملات شفاف اور موثر بنانے سے نہ صرف مختلف شعبوں میں تدریسی عمل بہتر ہوگا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کالج میں فراہم کی گئی ڈینٹل او پی ڈی کا معیار بھی بہتر ہوگا اور یہاں آنے والے افراد کو بہتر طبی سہولت فراہم کی جاسکے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کئی اعتبار سے ایک منفرد ادارہ ہے، یہ پاکستان کاواحد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ہے جسے ایک میٹروپولیٹن کارپوریشن چلا رہی ہے اور جسے ایک بہترین اور معیاری ڈینٹل سیکشن رکھنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا تعلیمی معیار اور یہاں طلبا و طالبات کی پروفیشنل اور پوسٹ گریجویٹ امتحانات میں کارکردگی کا موازنہ کسی بھی دیگر مسلمہ طبی اداروں سے کیا جاسکتا ہے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے مختصر عرصے میں طبی تعلیم کے شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے اور ایک تسلیم شدہ انسٹیٹیوٹ کی شکل حاصل کرلی ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ درست فیصلوں اور شفاف پالیسی کے باعث کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں انڈر اور پوسٹ گریجویٹ طالبعلموں کی کلینکل ٹریننگ کا معیار بھی بلند ہوگا۔