صوبائی وزیر قانون نے مہر عبدالرشید ریڈیالوجی بلاک کا افتتاح کر دیا

اتوار 27 مئی 2018 23:20

فیصل آباد ۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) الائیڈ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کیلئے جدید ترین سی ٹی سکین اور ڈیجٹیل ایکسرے مشینوں پر مشتمل نئے ریڈیالوجی بلاک کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے ۔ یہ بلاک پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر 13 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز سے قائم کیا گیا ہے جس کیلئے مہر رشید گروپ آف کمپنیز نے مالی تعاون فراہم کیا ہے ۔

مہر عبدالرشید ریڈیالوجی بلاک کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کیا جس کے قیام سے ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے سی ٹی سکین اور دیگر ایکسرے کی سروس 24 گھنٹے دستیاب ہوگی اور یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی محمد نواز ملک ‘ڈاکٹر نجمہ افضل ‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم لطاف ‘ ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر محمد اکرم چیمہ اور دیگر ڈاکٹرز کے علاوہ چیئرمین مہر رشید گروپ آف کمپنیز مہر حامد رشید ‘ ایگزیکٹو ڈائریکٹر مہر عبدالرئوف رشید ‘ اپریشنل ڈائریکٹر مہر آصف فاروق ‘انچارج بلاک میاں سرور ‘چیئرمین یونین کونسل غلام بھیک اعوان و دیگر عمائدین موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے تختی کی نقاب کشائی کرکے مہر عبدالرشید ریڈیالوجی بلاک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مہر رشید گروپ آف کمپنیز کے فیاضانہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری علاج معالجہ کیلئے صحت کے شعبے میں جدید ترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب نے اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے ہیں تاہم دکھی انسانیت کی خدمت کے اس نیک عمل میں تعاون کرنے والے مخیر حضرات کا جذبہ بھی قابل تحسین ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مہر رشید گروپ آف کمپنیز کے مالی تعاون سے چھ ماہ قبل جس منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا اسے مختصر مدت میں مکمل کرکے سی ٹی سکین اور ڈیجٹیل ایکسرے کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں نہ صرف مقامی بلکہ قریبی دیگرکئی اضلاع کے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اس دبائو کے پیش نظر طبی و تشخیصی وسائل اور ضروریات میں وسعت کی بروقت گنجائش موجود رہتی ہے جس کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ مخیر حضرات کا فیاضانہ کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے ریڈیالوجی بلاک کے سٹاف ‘ ایکسرے فلموں و دیگر ساز و سامان ‘ مشینری کی دیکھ بھال اور انتظامی امور کیلئے ماہانہ اخراجات برداشت کرنے پر مہر رشید گروپ آف کمپنیز کے گرانقدر تعاون اور جذبہ خدمت خلق کوخراج تحسین پیش کیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف نے الائیڈ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں ریڈیالوجی کی اہم سہولت کی فراہمی پر مہر رشید گروپ آف کمپنیز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ شعبہ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے جس میں روزانہ 80 سے 100 تک سی ٹی سکین اور دیگر ایکسرے کئے جارہے ہیں اسی طرح دوہری سہولت سے تیز رفتار اور معیاری علاج معالجہ میں بہتر آئے گی ۔

مہر رشید گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین مہر حامد رشید نے پبلک پرائیوٹ پارٹینر شپ سسٹم کو صحت عامہ کی سہولیات میں وسعت لانے سے متعلق وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے انقلابی اقدامات اور عمدہ ویژن کو سراہا اور کہا کہ اس شعبہ میں پائیدار اور معیاری سروسز کی فراہمی کیلئے مہر عبدالرشید گروپ آف کمپنیز کی طرف سے ماہانہ 40 لاکھ روپے کے اخراجات برداشت کئے جائیں گے ۔