11ارب روپے سے بڑھا کر 25ارب روپے تک پہچانے میں نواز شریف کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا‘ سحر ش قمر

اتوار 27 مئی 2018 23:30

مظفر آباد۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) حکومتی رکن اسمبلی سحر ش قمر نے آزادکشمیر کے حالیہ منظو ر ہونے والے بجٹ کو تحریک آزادی کشمیر ، تحریک تکمیل پاکستان، آزادخطہ کی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود میں اہم پیش رفت اور عوامی امنگوں کا ترجمان قرار دیا ہے ۔ گزشتہ بجٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون رکن اسمبلی نے کہاکہ آزادکشمیر کے بجٹ میں تاریخی اضافہ ہوا ہے ۔

11ارب روپے بڑھا کر 25ارب روپے تک پہچانے میں قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا ۔ بجٹ میں مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والوں اور سیز فائر لائن پر اپنے گھروں کو مورچوں میں تبدیل کرتے ہوئے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں مامور بے وردی سپائیوں کی فلاح وبہبود کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو تاریخی اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ بجٹ اضافے کے لحاظ سے تاریخی بھی ہے ۔ وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران کشمیریوں کے مسیحا،کشمیریوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے والے ، کشمیر کا بجٹ دوگنا کرنے والے ، کشمیر کے درجنوں دورے کرنے والے ، کشمیر کو اپنا دوسرا گھر سمجھنے والے ،محسن پاکستان ، ایٹمی پاکستان کے خالق، آزادکشمیر کو سی پیک میں حصہ دینے والے نواز شریف کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی جو افسوسناک امر ہے جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔