جامعہ کشمیر اور اے سی ای کے درمیان سی ایس ایس اکیڈمی کے قیام کا معاہدہ

پیر 28 مئی 2018 00:00

مظفرآباد۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) آزاد کشمیر میں سی ایس ایس اور مقابلہ کے دوسرے امتحانات کی تیاری کیلئے آزاد جموںوکشمیر یونیورسٹی اور سی ایس ایس اکیڈمی(Academy of Competitive Examinations) کے درمیان مفاہمتی یاداشت پردستخط ہو گئے۔ اس معاہدے کے تحت اے سی ای اکیڈمی جامعہ کشمیر کے تعاون سے چہلہ کیمپس میں شعبہ ایجوکیشن کی بلڈنگ میں سی ایس ایس اور مقابلے کے دوسرے امتحانات کی تیاری کیلئے آزاد کشمیر کے طلبا و طالبات کو تربیت دے گی۔

مفاہمت کی یاداشت پر دستخط جامعہ کشمیر کی طرف سے ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل اور ڈائر یکٹر اے سی ای مسٹر دائود نے کیے، ایم او یو سائن کی تقریب میں وائس چانسلر چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈائر یکٹر اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر سید نثار حسین ہمدانی، ڈائر یکٹر فنانس سید صابر حسین بخاری، ڈائر یکٹر شعبہ لسانیات نوید سرور نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ترجمان جامعہ کشمیر کے مطابق گزشتہ ہفتہ اے سی ای اکیڈمی کے ایک و فدنے آزاد جموںوکشمیر یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اے سی ای اکیڈمی کے چیف اور ڈائر یکٹر مسٹر دائود نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی سے ملاقات کی، وائس چانسلر سے ملاقات کے دوران جامعہ کشمیر کے طلبا و طلبات کو اسلام آباد اکیڈمی میں شرکت اور ٹریننگ کیلئے ایک ورکشاپ منعقد کرنے کی درخواست کی، وائس چانسلر نے اکیڈمی کے وفد کے وفد کو بتایا کہ چونکہ آزاد کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوان سی ایس ایس میں جانے اور مقابلے کے امتحانات میں شرکت کیلئے جذبہ اور شوق رکھتے ہیں ۔

موجودہ دور میں سی ایس ایس نوجوان نسل کا ایک خواب اور خواہش بنتی جا رہی ہے، لہذا آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی ضرورت اور وقتی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے مظفرآباد میں سی ایس ایس اکیڈمی کوکھولا جائے، اس مقصد کیلئے وائس چانسلر نے اکیڈمی کے نمائندوں کو آفرکیا کہ وہ پہلے بیج کیلئے کلاس روم اور دوسری سہولیات یونیورسٹی کے اندر مفت فراہم کریں گے، وائس چانسلر نے اس موقع پر مزید کہا کہ ایم او یوسائن کرنے کا مقصد آزاد جموںوکشمیر یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو سی ایس ایس کے امتحان کیلئے پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی ہے، قبل ازیں آزاد کشمیر کے طلبہ کو سی ایس ایس کیلئے پاکستان کے مختلف شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا،جہاں انہیں مختلف مسائل کے علاوہ امتحان میں شمولیت کیلئے اہم معلومات تک رسائی نہ ہوتی تھی۔

اب آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی میں سی ایس ایس کی کلاسز کے آغاز سے جامعہ کشمیر کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات مہیاہونگی۔ وائس چانسلر اس امیدکا اظہار کیا کہ یہ اقدام آزاد کشمیر میں طلبہ کے مابین مسابقتی امتحاتات کی آگہی اور استفادہ کی جانب اہم ثابت ہوگا۔وائس چانسلر نے اے سی ای اکیڈمی کے نمائندگان کا مظفرآباد میں اکیڈمی کھولے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ یونیورسٹی ابتدائی طور پر اس نئی اکیڈمی سے بھرپور تعاون کرے گی ،کلاس رومزاور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس اکیڈمی سے آزاد کشمیر کی یوتھ کو تربیت کا موقع ملے گا اور وہ اپنے بہتر مستقبل کیلئے ایک متبادل پروفیشنل کو اپنانے اور مقابلہ کے دوسرے امتحانات میں تیاری کیلئے انہیں مواقع ملیں گے۔

معاہدے پر دستخط کے دوران اکیڈمی کے ڈائر یکٹر مسٹر دائود نے یونیورسٹی اتھارٹیز اور باالخصوص وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اوراس عزم کا اظہار کیا کہ اگلے ہفتے سے طلبا و طالبات کی باضابطہ رجسٹریشن کا عمل شروع ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :