دہشتگردوں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی شہادت قابل مذمت ہے ، دشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہماری سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں اوران کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

پیر 28 مئی 2018 00:00

کوئٹہ۔27مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سرکی روڈ پرپولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکا روںکو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہماری سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں اوران کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہاں کہ سرکی روڈ پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کے دوران پولیس کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گردوں کی ہلاکت اس بات کا واقع ثبوت ہے کہ حال ہی میں نوتشکیل شدہ فورسز جوکہ دہشت گردی اور اسٹریٹ کرائم سے نمٹنے کے لیے تیار کی گئی اور جس نے جس جوانمردی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے انہیں جہنم واصل کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری سیکورٹی فورسز اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کا مورال بلند ہے اور دہشت گردی کے خلا ف ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید مضبوط کیا جارہاہے اور دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے جلد ختم کردیا جائے گا۔ انہوںنے ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں فرار ہونے والے دہشت گرد کوبھی جلد گرفتار کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور انہوں نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دعاکی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند کرے۔