کینیڈا میں شیڈول پہلی گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ 28جون سے شروع ہوگی

لیگ کیلئے ٹیموں کا چنائو پرسوں کھلاڑیوں کے ڈرا کے ذریعے کیا جائیگا

پیر 28 مئی 2018 09:40

ٹورنٹو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) کینیڈا میں شیڈول پہلی گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ 28جون سے شروع ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق ایونٹ 28 جون سے 15 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں ابتدائی طور پر چھ ٹیمیں ٹورنٹو، وان کوور، مونٹریال، ایڈمونٹن، وینی پیگ اور کیریبین سائیڈ کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ لیگ کیلئے ٹیموں کا چنائو پرسوں بدھ کو کھلاڑیوں کے ڈرا کے ذریعے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

معطلی کا شکار سابق آسٹریلوی قائد اور سٹار بلے باز سٹیون سمتھ آئندہ ماہ کینیڈا میں شیڈول پہلی گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میں شرکت کریں گے۔ سمتھ ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ہیں، رواں برس مارچ میں دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے ان پر ایک برس کی پابندی عائد کی تھی، معطلی کی وجہ سے سمتھ آئی پی ایل بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ انہوں نے راجستھان رائلز سے معاہدہ کر رکھا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سمتھ کو کینیڈا میں ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے کلیئر کر دیا ہے۔