نواز شریف کا عید الفطر اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے ہمراہ منانے کا فیصلہ

نواز شریف رمضان المبارک کے آخری ہفتے لندن روانہ ہوں گے،مریم نواز بھی ہمراہ ہوں گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 28 مئی 2018 11:14

نواز شریف کا عید الفطر اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے ہمراہ منانے کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 مئی 2018ء) سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ ن نے اس بار عید اپنی اہلیہ کے ہمراہ منانے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس بار عیدالفطر اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف رمضان المبارک کے آخری ہفتہ میں لندن جائیں گے جہاں وہ اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے ساتھ ساتھ عیدالفطر بھی ان کے ساتھ ہی منائیں گے۔

مریم نواز شریف بھی اپنے والد کے ہمراہ لندن جائیں گی۔یاد رہے کہ اس وقت سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو نیب میں مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،جس کے لیے وہ احتساب عدالت میں بھی پیش ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اب تک احتساب عدالت میں 70سے زائد پیشیاں بگھت چکے ہیں۔نواز شریف احتساب عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرا چکے ہیں جب کہ مریم نواز بھی احتساب عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ پاناما پیپرز کے بعد نواز شریف کو وزارت عظمی سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔جس کے بعد نواز شریف کی مشکلات میں کمی نہیں آئی۔جس کے بعد نواز شریف نے عوام میں جانے کا فیصلہ کیا اور جلسوں میں جانا شروع کر دیا،مریم نواز بھی اپنے والد کے شانہ بشابہ کھڑی ہوتی تھیں۔دوسری طرف نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز اس وقت کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں،جن کا لندن میں علاج جاری ہے۔نواز شریف اور مریم نواز احتساب عدالت میں جاری مقدمات کی وجہ سے کلثوم نواز کے پاس نہیں رہ سکتے ہیں تاہم اب میاں محمد نواز شریف نے اپنی عید اہلیہ کے ہمراہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مریم نواز بھی اپنے والد کے ہمراہ لندن جائیں گی۔