پاکستان انگلینڈ میں ٹیسٹ کھیلنے والی کامیاب ترین ایشین ٹیم بن گئی

گرین شرٹس کا ہار جیت کا تناسب تمام ایشیائی ٹیموں میں سب سے زیادہ

پیر مئی 11:28

پاکستان انگلینڈ میں ٹیسٹ کھیلنے والی کامیاب ترین ایشین ٹیم بن گئی
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018 ء) پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں نو وکٹوں سے شکست دے دی،اس جیت کے ساتھ قومی ٹیم کا انگلینڈ میں ہار جیت کا تناسب 0.545بن گیا ہے جو کسی بھی ایشائی ٹیموں میں سب سے زیادہ ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے ساتھ پاکستان ایشائی ٹیموں میں انگلینڈ میں کامیابیاں سمیٹنے والے ٹیم بھی بن گئی ہے ،گوروں کے دیس میں گرین شرٹس نے اب تک 52ٹیسٹ میچز میں سے 12میں کامیابی حاصل کررکھی ہے اور پاکستان کی ہار جیت کا تناسب0.545رہا ہے ۔

انگلینڈ میں ہار جیت کا تناسب آسٹریلیا کا سب سے بہترین ہے جو 0.960جبکہ دوسری ٹیم ویسٹ انڈیز کی ہے جس کا تناسب0.882 ہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پوری انگلش ٹیم 242 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف ملا جسے قومی ٹیم نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اظہر علی اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، جبکہ امام الحق اور حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کو عبور کرلیا۔ حارث سہیل نے 39 اور امام الحق نے 18 رنز بنائے۔قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 235 رنز اور 56 کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوز بٹلر 66 اور ڈومنیک بیس 55 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، تاہم انگلینڈ کی چاروں وکٹیں مجموعے میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکیں، جوز بٹلر 67، مارک ووڈ 4 پرمیدان بدر ہوئے، سٹورٹ براڈ کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا، آخری بیٹسمین ڈومنیک بیس 57 پر آﺅٹ ہوئے، انگلینڈ نے 242 کا مجموعہ حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف دیا، محمد عامر اور محمد عباس نے 4,4 جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے 363 رنز بناتے ہوئے 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بابر اعظم 68 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اسد شفیق 59، شاداب خان 52 اور اظہر علی 50 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔