لارڈز ٹیسٹ ، محمد عباس نے نئی تاریخ رقم کردی

ایسا شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا جو ایشیا ءکا کوئی باﺅلر آج تک حاصل نہیں کر پایا تھا

پیر 28 مئی 2018 11:44

لارڈز ٹیسٹ ، محمد عباس نے نئی تاریخ رقم کردی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018 ء) پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو چاروں شانے چت کر کے تاریخ رقم کر دی ہے اور سیریز میں ناقابل شکست 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔اس میچ میں جہاں پاکستان نے تمام شعبوں میں انگلینڈ کو آﺅٹ کلاس کیا تو مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑی محمد عباس نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ایک ایسا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے جو اس سے پہلے ایشیاءکے کسی باﺅلر کے پاس نہیں ہے۔

محمد عباس لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراﺅنڈ میں سب سے بہترین باﺅلنگ کرانے والے ایشیائی فاسٹ باﺅلر بن گئے ہیں جنہوں نے دونوں اننگز میں 64 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے پہلے کسی بھی ایشیائی فاسٹ باﺅلر کی جانب سے ایسی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس ٹیسٹ میچ کو محمد عباس کی زندگی کا سب سے بہترین ٹیسٹ میچ کہیں تو غلط نہ ہو گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پوری انگلش ٹیم 242 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان کو فتح کیلیے 64 رنز کا ہدف ملا جسے قومی ٹیم نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اظہر علی اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، جبکہ امام الحق اور حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کو عبور کرلیا۔

حارث سہیل نے 39 اور امام الحق نے 18 رنز بنائے۔قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 235 رنز اور 56 کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوز بٹلر 66 اور ڈومنیک بیس 55 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، تاہم انگلینڈ کی چاروں وکٹیں مجموعے میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکیں، جوز بٹلر 67، مارک ووڈ 4 پرمیدان بدر ہوئے، سٹورٹ براڈ کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا، آخری بیٹسمین ڈومنیک بیس 57 پر آﺅٹ ہوئے، انگلینڈ نے 242 کا مجموعہ حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف دیا، محمد عامر اور محمد عباس نے 4،4 جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے 363 رنز بناتے ہوئے 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بابر اعظم 68 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اسد شفیق 59، شاداب خان 52 اور اظہر علی 50 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔

متعلقہ عنوان :