کراچی، گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق، ایک شخص زخمی

پیر 28 مئی 2018 12:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) بلدیہ ٹائون نادرن بائی پاس ملنگ ہوٹل کے قریب گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 8افراد جاں بحق ہوگئے، ایک شخص زخمی۔ایدھی ریسکیو نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پیر کے روز علی الصبح ملنگ ہوٹل کے قریب گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی مگر آ گ اس قدر شدید تھی کہ اس نے گھر میں موجود افراد کو بروقت باہر نکالنے کا موقع نہ دیا جس سے گھر میں موجود تمام 9افراد بری طرح جھلس گئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کے برنز وراڈ منتقل کردیا مگر 8افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو گئے جن میں 45سالہ سائیں داد، 44سالہ گلزاراں بی بی، 33سالہ نائلہ،22سالہ نازیہ،20سالہ ظفر، 16سالہ اقصی،10سالہ رقیہ اور8 سالہ ریحان شامل ہیں جبکہ 22سالہ ساجد ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

گھر میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ ایدھی ریسکیو نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کردیں۔آتشزدگی کے باعث گھر کا سارا سامان بھی جل کر راکھ ہوگیا۔