عراق کی وفاقی عدالت نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد کردئیے

عراقی پارلیمنٹ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کوئی فیصلہ کرنے میں مسلسل تیسری بار ناکام

پیر 28 مئی 2018 12:40

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) عراق کی ایک وفاقی عدالت نے بعض سیاسی رہ نماؤں کی طرف سے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد کردیے ۔ دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کوئی فیصلہ کرنے میں مسلسل تیسری بار ناکام رہی ہے۔عراقی پارلیمنٹ کا ہونے والا اجلاس بھی کورم پورا نہ ہونے کے باعث ناکام ہوگیا۔

عرب ٹی وی کے مطابق بعض ارکان پارلیمان نے پارلیمنٹ اور وفاقی عدالت سے مطالبہ کیا کہ وہ حال ہی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کریں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیں۔دوسری جانب حکومت کی طرف سے قائم کردہ ایک کمیٹی نے کہا کہ پولنگ انتظامیہ اور بعض لوگوں کی جانب سے چند منٹ کے اندر انتخابی نتائج تبدیل کئے جانے کا امکان موجود ہے۔

(جاری ہے)

انتخابی نتائج پر اعتراض کرنے والے ارکان نے حکومت کے سامنے دو آپشن رکھے ہیں۔ یا تو وہ تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرے ورنہ عدالت کو مداخلت کی اجازت دی جائے تاکہ عدالت اپنے طورپر دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرے۔صرف یہی نہیں بلکہ عراقی پارلیمنٹ کے 100 ارکان نے اقوام متحدہ سے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔