Live Updates

نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کر دیا گیا

جسٹس (ر) ناصر الملک نگراں وزیراعظم ہوں گے،اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا پریس کانفرس میں اعلان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 28 مئی 2018 12:44

نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کر دیا گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 مئی 2018ء) نگراں وزیر اعظم کے نام کا اعلان کر دیا گیا۔ملک کےنگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر المک ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم کے نام کے اعلان کے لیے اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے پریس کانفرس کی گئی۔پریس کانفرس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ شریک ہوئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کے نام کا فیصلہ تاریخی فیصلہ تھا۔اپوزیشن لیڈر اور حکومت کے درمیان ن لیگ کے تجویز کردہ نام کے نام پر اتفاق ہو ا ہے۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پریس کانفرس میں نگراں وزیر اعظم کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک ہیں۔

(جاری ہے)

جو پاکستان کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔ناصر الملک سوات کے سیاسی اور بااثر پراچہ خاندان میں سترہ اگست انیس سو پچاس میں پید ا ہوئے۔ پرائمری اور مڈل کی تعلیم آبائی علاقے میں حاصل کی اور پشاور یونیورسٹی سے ایل ایل بی کرنے کے بعد اعلٰی تعلیم کے لیے لندن چلے گئے۔ جہاں جسٹس ناصرالملک نے بیرسٹر ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی۔ وطن واپس آکر پشاور میں وکالت کا باقاعدہ آغاز 1977 میں کیا اور سترہ سال تک بطور وکیل عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔

1993 میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ایڈوکیٹ جنرل بنے۔ 1994 میں پشاور ہائی کورٹ کے جج کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ دس سال بعد 31 جولائی 2004 میں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے۔ ایک سال چیف جسٹس ہائی کورٹ رہنے کے بعد 2005 میں سپریم کورٹ کے جج بنے اور دس سال تک عدالت عظمی کے جج رہنے کے بعد جولائی 2014 میں چیف جسٹس پاکستان بنے۔چیف جسٹس ناصرالملک نے اپنے کیرئیر میں کئی اھم فیصلے کئے۔

عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات سے متعلق انکوائری کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے رپورٹ مرتب کی۔اپنی ریٹائر منٹ سے چند روز قبل انہوں نے فوجی عدالتوں کے قیام کے حق میں فیصلہ سنایا۔ آپ تین نومبر کی ایمرجنسی کو غیر آئینی قرار دینے والے سپریم کورٹ بنچ کا حصہ تھے۔ این آر او ، سوئس حکام کو خط لکھنے کا معاملہ ، لاپتہ افراد کیس ، بلوچستان و کراچی بد امنی کیس سمیت متعدد اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت بھی کی۔

کہا جا رہا ہے کہ جسٹس (ر) ناصر الملک ایک غیر متنازع شخصیت ہیں۔جن کے نام پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہو گیا ہے۔ یاد رہے کی نگراں وزیراعظم کے لیے پیپلزپارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے جلیل عباس جیلانی اورذکااشرف کے نام دیے تھے۔حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلیےتصدیق حسین جیلانی ،ڈاکٹرعشرت حسین کے نام دیےگئے تھے۔اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ ناموں کو مسترد کیا گیا تھا تاہم حکومتی ناموں پر پی ٹی آئی متفق دکھائی دیتی تھی۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 5 ملاقاتیں ہوئیں۔ تاہم تمام ملاقاتیں بے نتیجہ ثابث ہوئیں۔تاہم آج وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ہونے والی ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے نام پر ڈیڈ لاک ختم ہو گیا تھا۔تاہم اب نگراں وزیر اعظم کے نام کا علان کر دیا گیا ہے اور جسٹس (ر) ناصر الملک کو پاکستان کا نگراں وزیراعظم نامزد کر دیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات