ضلع کچہری ، پیشی پر آئے قتل کے ملزم کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

فائرنگ سے افرا تفری مچ گئی ،لوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے،ایک ملزم کو گرفتار کر لیاگیا مقتول اراکین اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور افضل کھوکھر کے بھتیجے عمران شفیع کے قتل میںملوث تھا‘ نجی ٹی وی

پیر 28 مئی 2018 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) ضلع کچہری میں پیشی پر آئے قتل کے ملزم کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، فائرنگ سے افرا تفری مچ گئی او رلوگ اپنی جانیں بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے ، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، مقتول کے ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس کے خلاف نعرے لگائے،نجی ٹی وی کے مطابق مقتول اراکین اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور افضل کھوکھر کے بھتیجے عمران شفیع کے قتل کے الزام میں گرفتار تھا۔

بتایا گیا ہے کہ تھانہ ہنجر وال پولیس قتل کے ملزم اسلم عرف اچھا کو گزشتہ روز ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیشی کے بعد بخشی خانے کی طرف لے کر جارہی تھی کہ اسی دوران گھات لگائے مبینہ مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ہر طرف افرا تفری مچ گئی ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کی زد میں آکر اسلم عرف اچھا موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ بعد ازاں پولیس نے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے موقع سے ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا ۔ پولیس نے ملزم کی موت واقع ہو جانے کے باوجود اسے ہتھکڑی سمیت گاڑی میں ڈالا۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے واقعہ کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کر لی ۔ دوسری طرف مقتول کے ورثاء نے عدالت میں شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی جبکہ وکلاء نے بھی عدالتوں میں تسلسل سے پیش آنے والے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق مقتول اراکین اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور افضل کھوکھر کے بھتیجے عمران شفیع کھوکھر کے قتل میں ملوث تھا۔