میٹھی عید کی تیاریاں شروع، بازاروں میں رونقیں بڑھ گئیں

پیر 28 مئی 2018 13:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ کے آغاز کے ساتھ ہی عید کی تیاریاں شروع ہوگئی بالخصوص بچے اور خواتین اپنے لئے خوبصورت لباس، جوتے، کاسمیٹکس اور عید کی دیگر خریداری کے لئے افطاری کے اوقات کے بعد بازاروں میں مصروف نظر آنے لگے ہیں۔ خریداری کیلئے آبپارہ بازار آئی ایک خاتون نسرین اختر نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں جہاں اپنے لئے روزمرہ استعمال کی ضرورت کی اشیاء خریدنا بھی مشکل ہو رہا ہے وہ اپنی بچائی ہوئی رقم کے ساتھ اپنے بچوں کے ساتھ خریداری کیلئے آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلا شبہ عید خوشیوں کا دن ہوتا ہے اور اس میں بچوں کی بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔ میں ان کی خوشیوں کو پورا کرنے کے لئے یہاں آئی ہوں تاہم ابھی سے دکانداروں نے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور سوچ بچار کے بعد خریداری کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی/اسلام آباد کے مختلف بازاروں میں عید کے اسٹالز سجنا شروع ہو گئے ہیں جہاں بچوں اور بڑوں کے کپڑے فروخت کے لئے لگائے گئے ہیں۔

ایک فلاحی کارکن ظفر محمود نے کہا کہ ہمارا دین سادگی کی تلقین کرتا ہے اور ہمیں موجودہ حالات میں سادگی کے ساتھ عید منانی چاہئے اور بالخصوص اپنے اردگرد موجود غریب لوگوںکے لئے مدد کی کوشش کرنی چاہئے ۔کمرشل مارکیٹ راولپنڈی کے ایک دکاندار شیخ عبدالوحید نے کہا کہ عید کے دنوں میں خریداری میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ہم بہترین گارمنٹس فروخت کر کے اپنے لئے آمدن کا ذریعہ بناتے ہیں۔ ایک بچے شایان نے کہا کہ وہ ہر حال میں اپنے لئے کپڑے، جوتے اور دیگر اشیاء خریدے گا اور عید دھوم دھام سے منائے گا۔