قطر نے سعودی عرب سمیت 4 خلیجی ممالک کی بنی ہوئی اشیاء پر پابندی عائد کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر مئی 13:59

قطر نے سعودی عرب سمیت 4 خلیجی ممالک کی بنی ہوئی اشیاء پر پابندی عائد ..
دوحہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 مئی۔2018ء) قطر میں سعودی عرب سمیت 4 خلیجی ممالک کی بنی ہوئی اشیاءکو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق قطر نے سعودی عرب،، متحدہ عرب امارات،، بحرین اور مصر سے درآمد کی ہوئی اشیاءکو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ جس کے بعد ان ممالک میں تیار کردہ تمام اشیاءکو قطر برآمد نہیں کیا جا سکے گا۔

تاہم جو اشیاءایئرپورٹ، بحری اڈوں اور دکانوں میں پہلے سے موجود ہیں ان کے حوالے سے کوئی پالیسی سامنے نہیں آئی ہے۔گزشتہ برس 5 جون کو سعودی عرب،، متحدہ عرب امارات،، بحرین اور مصر سمیت سات عرب ممالک نے دہشت گردی کا الزام لگاکر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ ان ممالک نے قطر کے تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کو مزید سخت کرتے ہوئے دیگر ممالک سے بھی قطر کے خلاف پابندیوں کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

قطر کی وزارت تجارت کی جانب سے تمام دکانداروں کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کی تیار کردہ اشیاءکو فروخت کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی اس لیے تمام تاجر ان ممالک کی اشیاءکی خرید و فروخت سے اجتناب برتیں۔ اس حوالے سے وزارت تجارت کے اہلکار ایک ایک دکان کی جانچ پڑتال بھی کریں گے۔۔قطر حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن عرب ممالک کے اشیاءپر پابندی لگائی گئی ہے وہ خلیج تعاون کونسل (Gulf Cooperation Council) کے اراکین بھی ہیں جس کی وجہ سے ان ممالک کو کئی تجارتی معاملات پر استثنیٰ حاصل ہے۔

اب ان ممالک کی مصنوعات جی سی سی کی تجارتی راہداری سے ضروری جانچ پڑتال اور طریقہ کار سے گزرے بغیر قطر میں داخل نہیں ہو سکیں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 جون کو سعودی عرب،، متحدہ عرب امارات،، بحرین اور مصر سمیت سات عرب ممالک نے دہشت گردی کا الزام لگاکر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ ان ممالک نے قطر کے تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کو مزید سخت کرتے ہوئے دیگر ممالک سے بھی قطر کے خلاف پابندیوں کی درخواست کی تھی۔