کھنہ پل انٹرچینج پر تعمیراتی کام رمضان المبارک میں بھی جاری ہے،

منصوبہ ستمبر تک مکمل ہو گا

پیر مئی 14:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) اسلام آباد ایکسپریس وے پر کھنہ پل انٹرچینج پر تعمیراتی کام رمضان المبارک میں بھی جاری ہے یہ منصوبہ رواں سال ستمبر تک مکمل ہو گا۔ سی ڈی اے کے حکام نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ کھنہ پل انٹرچینج پر تعمیراتی کام رمضان المبارک میں دو شفٹوں میںتیزی سے جاری ہے جس پرتقریبا75فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی25 فیصد کام ستمبر تک مکمل کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ کھنہ پل انٹرچینج پر ایک پل30 جون تک مکمل ہوگا جبکہ دوسرا پل ستمبر تک مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر کھنہ پل انٹرچینج پر تعمیراتی کام کے دوران ہمیں بجلی اور سوئی گیس کے لائنوں کی وجہ سے دشواری کا سامنا ہے تاہم سی ڈی اے نے آئیسکو اور سوئی گیس کو لائنوں کو منتقل کرنے کے حوالے سے ادائیگیاں کر دی گئی ہے امید ہے کہ یہ رکاوٹیں جلد دور ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوہان انٹرچینج ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے جس پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ حکام نے بتایا کہ سوہان اور کھنہ پل انٹرچینج کے دونوں منصوبوں پر دو ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کے پہلے مرحلے میں آئی 8- انٹرچینج کی تکمیل کے بعد کورال چوک اور سوہان انٹرچینج مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ کھنہ پل انٹرچینج پر کام ستمبر میں مکمل کرلینے کے بعد سگنل فری کوریڈور عملی طور پر زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک سگنل فری ہوجائے گا۔

سگنل فری کوریڈور کے تیسرے مر حلے میں کورال چوک سے روات تک ابتدائی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔ اس منصوبے کے لئے حکومت نے فنڈز کی منظوری دے دی ہی ، فنڈز ملنے کے بعد اس تعمیراتی منصوبے کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے انتظامیہ اس اہم منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کررہی ہے، منصوبے کی افادیت کے پیش نظر اسے جلد مکمل کرنا موجودہ انتظا میہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

کورال چوک سے روات تک کے تیسرے مرحلے کے لئے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(سی ڈبلیو پی) نے گزشتہ اجلاس میں منظور ی دیدی ہے تاہم انہیں ختمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھیجوا دی ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ جہاں منصوبے کو سرعت کے ساتھ مکمل کر نے کے لئے پر عزم ہے وہاں اس اہم شاہراہ پر مر حلہ وار کام کرنے کا بنیادی مقصد اس شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو بر قرار رکھنا ہے کیونکہ مرکزی شا ہراہ ہونے کی وجہ سے اس شاہراہ پر ٹریفک کا دبائو بہت زیادہ ہے۔

تیسرے مر حلے میں کورا ل چوک سے نیول اینکریج تک چار رویہ سڑک کے علاوہ سروس روڈ ویسٹ کی تعمیر بھی سگنل فری کوریڈور کے منصوبے کا حصہ ہے جبکہ کورال سے روات تک بوسیدہ پلوں کی ازسر نو تعمیر بھی منصوبے میں شا مل ہے جس کے لئے ممتاز فرموں اور تعمیراتی کمپنیوں سے مالی اور تکنیکی آفرز حا صل کی جار ہی ہے۔