ظلم و جبر سے کشمیر ی عوام کی تحریک حریت کو ہرگز دبایا نہیں جا سکتا‘وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق

پیر 28 مئی 2018 14:22

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر جیلخانہ جات چوہدری محمد اسحق نے مقبوضہ کشمیر کی ابترصورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم و جبر سے کشمیر ی عوام کی تحریک حریت کو ہرگز دبایا نہیں جا سکتا کیونکہ کشمیر ی عوام نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جلا بخشی ہے ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے انہوں نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعہ حل کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی ظلم و تشدد کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اور اب بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔