کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی‘وزیر سول ڈیفنس چوہدری محمد مسعود خالد

پیر 28 مئی 2018 14:22

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر سول ڈیفنس چوہدری محمد مسعودخالد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے اندوہناک مظالم اور مظلوم کشمیریوں کا قتل عام کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو ہرگز نہیں دبا سکتا۔ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے ہم ہر ملکی اوربین الاقوامی فور م پر آواز بلند کریں گے تاکہ مودی سرکار پر عالمی دبائو بڑھایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

اخبار نویسوں سے ملاقات کے دوران چوہدری محمد مسعود خالد نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی ۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ممالک بالخصوص مسلم امہ کو کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کو حل کرانے کے لیے بھارتی حکمرانوں پر دبائو بڑھانا چاہیے ۔ چوہدری محمد خالد مسعود نے کشمیر کونسل میں اصلاحات کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا اور اس توقع کا اظہار بھی کیا ہے کہ آئینی اصلاحات سے آزاد کشمیر اور پاکستان کے لوگوں کے مفادات کو مزید تقویت ملے گی ۔ مجوزہ ترامیم کے تحت کشمیر کونسل کا ایڈوائزری رول برقرار رہے گا۔