ملک کے بڑے شہروں میں ممکنہ دہشتگردی ، پولیس کو تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا

14سے 16سال کی عمر کے خود کُش بمبار جنہوں نے ٹریننگ حاصل کر رکھی ہے، ان کے ذریعے دہشتگردی کی واردات کروائی جا سکتی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مئی 2018 14:20

ملک کے بڑے شہروں میں ممکنہ دہشتگردی ، پولیس کو تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 مئی 2018ء) :ملک کے بڑے شہروں میں ممکنہ دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر پولیس کو تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ لاہور سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میںدہشتگردی کی ممکنہ واردات کے بارے میں پولیس تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا ۔ ممکنہ دہشتگردوں کے کے بارے میں جاری رپورٹ میں دہشتگردوں کے حلیہ جات سے بھی آگاہ کیا گیا اور ان کی نقل و حرکت ٹھوکر نیاز بیگ بتائی گئی ہے جہاں آتش گیر ماہ ، خود کش بمباروں کی ٹریننگ جیسے معاملات کی گفتگو سنی گئی۔

آنے والے دنوں میں دہشتگردوں کے ٹارگٹ محکمہ پولیس کے تھانہ جات و ٹریننگ اسکول PPIC3ڈولفن ہیڈ کوارٹر کی عمارت ہو سکتے ہیں۔ جس بٹ نامی شخص کا خاکہ جاری کیا گیا ہے جس کے کالعدم تنظیموں اور لشکر جھنگوی سے روابط ہیں اور اسے ماسٹر مائنڈ بتایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی تھریٹ کے بعد سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشن لاہور منتظر مہدی نے تمام ڈویژنل ایس پیز ، سرکل افسران، ایس ایچ اوز کو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے حوالے سے رات گئے احکامات جاری کیے۔

شہر میں چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کرنے ، مشکوک گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چیک کر کے ان کا ریکارڈ مرتب کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں، شہر کے داخلی و خارجہ راستوں سمیت اہم عمارتوں پر بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس کو جاری تھریٹ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ 14سے 16سال کی عمر کے خود کُش بمبار جنہوں نے ٹریننگ حاصل کر رکھی ہے، ان کے ذریعے دہشتگردی کی واردات کروائی جا سکتی ہے۔ پولیس نے بھی شہریوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی مشکوک شخص یا گاڑی کو دیکھیں تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا جائے۔