لارڈز ٹیسٹ جیتنے کی خوشی زیادہ دیر نہ رہ سکی

آئی سی سی نے سزا سنا دی، پوری پاکستانی ٹیم کیلئے بری خبر آگئی

پیر 28 مئی 2018 14:36

لارڈز ٹیسٹ جیتنے کی خوشی زیادہ دیر نہ رہ سکی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018 ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے لارڈز ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم پر جرمانہ کر دیا۔پاکستان نے میچ میں میزبان انگلینڈ کو 9 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں ایک صرف کی برتری حاصل کی تھی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان نے مقررہ ہدف سے تین اوور کم کروائے جس پر میچ ریفری جیف کرو نے کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 60 فیصد جب کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔

آئی سی سی قانون کے آرٹیکل 2.5.1 کے مطابق مقررہ وقت میں کم اوور کروانے پر کھلاڑیوں کو فی اوور 10 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور اسی لیے پاکستان کے کھلاڑیوں کو تین اوورز کم کروانے پر 30 فیصد جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے مطابق پاکستانی ٹیم نے ایک سال میں دوبارہ سلو اوور ریٹ کیا تو کپتان سرفراز احمد کو معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔پاکستان کےخلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پوری انگلش ٹیم 242 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف ملا جسے قومی ٹیم نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اظہر علی اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، جبکہ امام الحق اور حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کو عبور کرلیا۔

حارث سہیل نے 39 اور امام الحق نے 18 رنز بنائے۔قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 235 رنز اور 56 کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوز بٹلر 66 اور ڈومنیک بیس 55 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، تاہم انگلینڈ کی چاروں وکٹیں مجموعے میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکیں، جوز بٹلر 67، مارک ووڈ 4 پرمیدان بدر ہوئے، سٹورٹ براڈ کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا، آخری بیٹسمین ڈومنیک بیس 57 پر آﺅٹ ہوئے، انگلینڈ نے 242 کا مجموعہ حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف دیا، محمد عامر اور محمد عباس نے 4،4 جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے 363 رنز بناتے ہوئے 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بابر اعظم 68 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اسد شفیق 59، شاداب خان 52 اور اظہر علی 50 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔