مظلوم ومحکوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،ْسردار عتیق احمد

مقبوضہ کشمیر کی انتہائی سنگین صورتحال پرعالمی برادری، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کا خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوسناک ہے ،ْسابق وزیر اعظم

پیر 28 مئی 2018 15:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے،جہاں پر قتل وغارت گری،ظلم وجبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیںلیکن اس کے باوجود بین الاقوامی مقتدر حلقوں،عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی جانب سے خاموش تماشائی بنے رہنا انتہائی افسوس ناک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریٹائرڈ کمشنر ارباب عباسی کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ ناگفتہ بہہ حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی قابض افواج نے نام نہاد سیکیورٹی وسرچ آپریشن کے نام پر معصوم نہتے کشمیریوں کو دن دیہاڑے شہید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت سوچے سمجھے منصوبے تحت غلط بیانی کرتے ہوئے عالمی برادری کو یہ باور کروانے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ کشمیر میں دہشت گردوں کے خلاف ان آپریشنز کے تحت کارروائی کر رہا ہے حالانکہ حقیقت حال اس کے برعکس ہے اور بھارتی قابض افواج معصوجو غیر مسلح کشمیریوں کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سرعام قتل کر رہے ہیں۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت نے اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں انٹر نیٹ اور دیگر ذرائع ابلاغ کی سروسز کو بند کر رکھا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کی آہ وپکار عالمی دنیا تک نہ پہنچ سکے،مظلوم ومحکوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ایوانوں تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے کیوں کہ وہ مجبور ومحصور ہیں جبکہ ہم آزاد اور خود مختار ہیں۔

اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی ملک محمد نواز،سابق وزراء کرام پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی ،دیوان علی خان چغتائی،سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقت مجید،سجاد انور عباسی،مرکزی چیئرمین سروس سٹریکچر آزاد کشمیر اعجاز احمد عباسی،یوتھ ونگ کے سینئر وائس چیئرمین سید یاسر نقوی،مسلم مظفرآبادکے سیکرٹری جنرل راجہ بشیر خان،ممبر مجلس عاملہ امتیار عباسی،ریٹائرڈ ایس پی آفتاب عباسی،ہارون آزاد اور دیگر افطار ڈنر میںشریک تھے۔اس سے قبل صدر مسلم کانفرنس ارباب ہائوس پہنچے تو شارخ عباسی اور دیگر نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔