پاکستان نے 22سالہ پرانا ریکارڈ برابر کردیا

لارڈز گرین شرٹس کا پسندیدہ گراﺅنڈ

پیر مئی 15:16

پاکستان نے 22سالہ پرانا ریکارڈ برابر کردیا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018 ء) پاکستان نے جاری2 ٹیسٹ میچوں کی سیریزکے پہلے لارڈز ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈکو9وکٹوں سے شکست دیکر نہ صرف سیریزمیں ایک ،صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے بلکہ لارڈزکے تاریخی وینیو پر لگاتار دو ٹیسٹ میچز جیتنے کا کارنامہ دوسری بار سرانجام دے ڈالاہے۔۔پاکستان نے حالیہ کامیابی سے قبل 2016ءکے دورے میں بھی لارڈزمیں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں فتح پائی تھی۔

اس سے قبل گرین کیپس 1992ءاور1996ءمیں بھی یہاں لگاتار دو میچز جیت چکے تھے۔حالیہ کامیابی سے پاکستان کی لارڈزمیں فتوحات کی تعداد پانچ ہوگئی ہے جو یہاں باہمی میچوں میں میزبان انگلش (4فتوحات) سے زائد کامیابیاں ہیں۔اب اوول اور لارڈز پاکستان کے فیورٹ گراﺅنڈ بن گئے ہیں جہاں پاکستان نے دیگر انگلش میدانوں سے زائد پانچ پانچ ٹیسٹ جیتے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان کےخلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پوری انگلش ٹیم 242 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف ملا جسے قومی ٹیم نے باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اظہر علی اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، جبکہ امام الحق اور حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کو عبور کرلیا۔ حارث سہیل نے 39 اور امام الحق نے 18 رنز بنائے۔

قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 235 رنز اور 56 کی برتری کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوز بٹلر 66 اور ڈومنیک بیس 55 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، تاہم انگلینڈ کی چاروں وکٹیں مجموعے میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکیں، جوز بٹلر 67، مارک ووڈ 4 پرمیدان بدر ہوئے، سٹورٹ براڈ کو کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا، آخری بیٹسمین ڈومنیک بیس 57 پر آﺅٹ ہوئے، انگلینڈ نے 242 کا مجموعہ حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلئے 64 رنز کا ہدف دیا، محمد عامر اور محمد عباس نے 4،4 جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 184 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم نے 363 رنز بناتے ہوئے 179 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بابر اعظم 68 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اسد شفیق 59، شاداب خان 52 اور اظہر علی 50 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔

متعلقہ عنوان :