وزیر داخلہ احسن اقبال کی جدہ میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات،

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا

پیر 28 مئی 2018 15:45

وزیر داخلہ احسن اقبال کی جدہ میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) وزیر داخلہ احسن اقبال نے جدہ میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی ہیٍ، ان کے سعودی ہم منصب نے وزیر داخلہ احسن اقبال کا سعودی عرب پہنچنے پر ان کا خیر مقدم کیا۔سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے احسن اقبال پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی طبیعت دریافت کی۔

بعدازاں احسن اقبال نے سعودی وزیر داخلہ سے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام انھیں پہنچایا اور سعودی حکومت کی جانب سے ان پر قاتلانہ حملے کی مذمت اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے 2017 میں ایمنسٹی اسکیم کی تعریف کی جس کے تحت پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد اپنے ملک واپس آئی۔ ملاقات میں سعودی عرب میں رہائش پذیر اور سفر کرنے والے پاکستانیوں سے متعلق معاملات، جن میں امیگریشن، قیدیوں کی منتقلی، عمرہ اور حج کی سہولیات وغیرہ شامل ہیں، پر گفتگو ہوئی۔ سعودی وزیر نے کہا کہ وہ تمام معاملات کا بغور جائزہ لیں گے۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لئے زیادہ سے زیادہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقا ت میں وزیر داخلہ کے ساتھ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق، قونصل جنرل شہریاراکبر خان اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو بھی موجود تھے۔