ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے، گورنرسندھ

پیر 28 مئی 2018 15:50

ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی ،مضبوط دفاع ، مستحکم معیشت اور سماجی شعبہ کی ترقی میں دیگر قلیتوں کی طرح ہندو برادری کا بھی بھرپور کردار ہے جبکہ عالمی معاشی نقشہ پر پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لئے پرعزم ہندو برادری اہم کردار ادا کررہی ہے ، ملک بھر کی طرح صوبہ کی ترقی و خوشحالی میں بھی ہندو برادری کو بھرپور مواقع قائد اعظم ؒ کے رہنما اصولوں کے مطابق حاصل ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں پنج مکھی مندر کے گدی نشین رام ناتھ مشراسے ملاقات کے موقع پر کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی بنیاد قائد اعظم ؒ کے رہنما اصولوں پر رکھی گئی ہے جس میں اقلیتوں کو مذہبی ، سماجی ، ثقافتی آزادی اور ترقی کے یکساں مواقع کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی میں ان کے کردار کو بڑاواضح کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ قانون ساز ی سے لیکرنچلی سطح تک ان کو بھرپور نمائندگی حاصل ہے جبکہ ملکی قوانین میں اقلیتیوں کومکمل تحفظ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی ہندو برادری نے اہم قومی خدمات انجام دیتے ہوئے ملکی معیشت ، دفاع ، سلامتی ، استحکام اور سماجی شعبہ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا اور آج بھی تعلیم، صحت ، بلدیاتی اداروںسمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں ہندو برادری دیگر شہریوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل آزادی حاصل ہے ان کے مذہبی مقامات ، ثقافت اور تہذیب کی علامات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ملکی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے اس ضمن میں ہندو برادری کارکردگی کی بنیاد پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کرے تاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کی رفتار کو مزید تیز کیا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں جمہوریت تسلسل سے جاری ہے ، موجودہ حکومت 31 مئی کو اپنی پانچ برس کی معیاد مکمل کرنے جارہی ہے جس کے بعد نگراں سیٹ اپ ملکی معاملات اور انتخابات کے انعقاد کے لئے کام شروع کردے گا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے امن و امان ، توانائی اور قومی معیشت کے استحکام پر بھرپور کام کیا جس کے نتائج عوام کے سامنے ہیں ۔

ملاقات میںرام ناتھ مشرانے گورنرسندھ کو صوبہ کی ترقی و خوشحالی میں ہندوبرادری کے کردار ، مسائل اور درپیش مشکلات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کی ترقی و خوشحالی ، معاشی ، اقتصادی ، صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں سمیت اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل میں گورنرسندھ نمایاں کردار ادا کررہے ہیں جو دیگر اقلیتوں کی طرح کہ ہندو برادری کے لئے بھی خوش آئند ہے ۔