پشاور میں جے یو آئی (ف) کا احتجاج جمہوری حق ،لاٹھی چارج ،آنسو گیس شیلنگ کر کے غیر جمہوری رویہ کا مظاہرہ کیا گیا‘لیاقت بلوچ

پیر 28 مئی 2018 16:12

پشاور میں جے یو آئی (ف) کا احتجاج جمہوری حق ،لاٹھی چارج ،آنسو گیس شیلنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے قبائلی علاقہ جات کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے تمام آئینی تقاضے پورے ہونے پر پوری قوم ، خصوصاً فاٹا عوام کو مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ قبائلی علاقہ جات پر دور انگریز دور غلامی کے کالے قوانین ختم ہوئے ہیں ، فاٹا قومی دھار ے میں آگیاہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) نے صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاج کا سیاسی جمہوری حق استعمال کیا لیکن صوبائی حکومت نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کر کے غیر جمہوری رویہ کا مظاہرہ کیا ۔ فاٹا انضمام اور الگ صوبہ بنانے کی دو آراء موجود تھیں ۔ دو تہائی اکثریت نے فیصلہ دے کر آئینی جمہوری کردار ادا کیاہے ۔

(جاری ہے)

دو تہائی اکثریت کا فیصلہ اب سب کومان لینا چاہیے ۔ ایم ایم اے کی تین جماعتیں پارلیمنٹ میں نمائندہ ہیں ۔ اختلاف رائے پہلے ہی سے موجود تھا ۔ جماعت اسلامی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث انضمام کے حق میں اور جے یو آئی فاٹا الگ صوبہ کا موقف رکھتی ہے ۔ اب یہ معاملہ پارلیمنٹ اور خیبر پختونخوا میں مکمل ہوگیاہے ،متحدہ مجلس عمل کی سپریم کونسل کے اجلاس میں بھی ان معاملات کا حل نکال لیا جائے گا ۔

متحدہ مجلس عمل کا اتحاد نظام مصطفیؐ اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر مستحکم ، خوشحال اور پرامن اسلامی پاکستان دیناہے ۔لیاقت بلوچ نے برطانیہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی ٹیم کی برطانوی ٹیم کے مقابلہ میں ہر شعبہ کی کارکردگی شاندار رہی ۔ پوری ٹیم نے اہلیت ثابت کی ۔ توقع ہے کہ فتوحات کا سلسلہ کھلاڑی جاری رکھیں گے ۔