پاکستان مسلم لیگ (ن) متحد ہے،

آنے والا دور بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، بیگم شاہدہ قدیر

پیر 28 مئی 2018 16:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) فیڈرل کیپٹل اسلام آباد کی سینئر رہنما بیگم شاہدہ قدیر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور رہے گی، آنے والا دور بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہو گا، جب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی ملک خوشحالی و ترقی میں آگے بڑھا، نواز شریف ایک نظریہ، اقدار، جمہوریت اور پاکستانیت کا نام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں خواتین کی ایک میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

بیگم شاہدہ قدیر کہا کہ خواتین پر اس وقت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ گھر گھر جا کر پارٹی کی کارگردگی اور آئندہ انتخابات میں منتخب ہونے کی صورت میں عوام کی بہتری کیلئے بنائے گئے منصوبوں سے خواتین کو آگاہ کریں کیونکہ خواتین کا ووٹ نہ صرف بہت اہمیت کا حامل ہے بلکہ ان کے ووٹ سے انتخابی نتائج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پارٹی مشکل حالات سے دوچار ہے اور ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن پاکستان کے باشعور عوام اس کھیل سے نہ صرف بخوبی واقف ہے بلکہ آئندہ انتخابات میں ایسے عناصر کو شکست فاش سے دوچار کریں گے ۔