(ن) لیگی 5سالہ دور اقتدارمیںقرضی31ارب ڈالر،105ارب کا تجارتی خسارہ،روپے کی قدر میں 20فیصد کمی تشویشناک ہے ، میاں کامران سیف

پیر 28 مئی 2018 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ (ن) لیگی 5سالہ دور اقتدار میں قرضے 31ارب ڈالر تک بڑھ گئے جبکہ 105 ارب روپے کا تجارتی خسارہ ہوا اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں20فیصد کمی ہوئی جو تشویشناک امر ہے ن لیگ کے دور میں توانائی بحران شدید تر ہوا، لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں بھی بدترین اضافہ ہوا اسٹیٹ بینک کی نئی مانیٹرنگ رپورٹ میں بھی حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ کی پیش گوئی کی گئی ہے جو بیڈ گورننس کی انتہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ (ن) لیگ کی5سالہ اقتدار میں عوام ریلیف کو ترستے رہے لیکن عوام کو ریلیف کی بجائے میگا پراجیکٹ میں کرپشن کے ہولناک ریکارڈ قائم ہوتے رہے جن پر نیب تحقیقات کررہا ہے تو حکومتی جانب سے کہا جاتا ہے کہ حکومت کے خلاف امتیازی سلوک برتا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران غیر ملکی قرضوں میں31ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جو پاکستان کی تاریخ میں میں کسی بھی حکومت کے دور میں غیر ملکی قرضوں میں اضافوں کا ایک نیا ریکارڈ ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل غیر ملکی امداد قبول نہ کرنے اور کشکول توڑنے کا دعویٰ کیا تھا کشکول تو نہیں ٹوٹا البتہ اس کا سائز ضرور بڑا ہوگیا اور پاکستان کا بچہ بچہ قرضوں کے جال میں جکڑ دیا گیا ہے۔