مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی مفاد اور دفاع کو سیاست پر مقدم رکھا،ملک ندیم کامران

پیر مئی 16:55

چیچہ وطنی۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن وطن کے دفاع اور دو قومی نظریے کے تحفظ کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے کو تیار ہے اور پارٹی نے ہمیشہ ملکی مفاد اور دفاع کو سیاست پر مقدم رکھا ہے ، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا 1998میں ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا تاریخی فیصلہ بھی اسی عز م اور یقین کا مظہر ہے کہ پاکستان کو دفاعی لحاظ سے دنیا کی عظیم طاقت بنایا جائیگا ، انہوں نے یہ بات یوم تکبیر کے حوالے سے اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انکا مزیدکہنا تھا کہ 1998میں ہندوستان کی اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے اور عوام کے حوصلے بلند کرنے کیلئے ضروری تھا کہ پاکستان بھی جواب میں ایٹمی دھماکے کرے اور ہمارے قائد محمد نواز شریف نے اس موقع پر بھی قوم کو مایوس نہیں کیا ، صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا کہ پچھلے 5سالوں میں حکومت نے عوام کے دو بڑے مسائل لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ، انہوں پاکستان کو در پیش مسائل اندورنی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے باہمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات متحدہ ہو کر سماج اور ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائیں۔