فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے تمام آئینی تقاضے پورے ہونے پر قوم کو مبارکباد، لیاقت بلوچ

پیر مئی 16:57

لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں قبائلی علاقہ جات کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے تمام آئینی تقاضے پورے ہونے پر پوری قوم ، خصوصاً فاٹا عوام کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ فاٹا قومی دھار ے میں آگیا ہے ، فاٹا انضمام اور الگ صوبہ بنانے کی دو آراء موجود تھیں ، دو تہائی اکثریت نے فیصلہ دیکر آئینی جمہوری کردار ادا کیا ہے ، دو تہائی اکثریت کا فیصلہ اب سب کومان لینا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی تین جماعتیں پارلیمنٹ میں نمائندہ ہیں ، اختلاف رائے پہلے ہی سے موجود تھا ، جماعت اسلامی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث انضمام کے حق میں اور جے یو آئی فاٹا الگ صوبہ کا موقف رکھتی ہے ، اب یہ معاملہ پارلیمنٹ اور خیبر پختونخوا میں مکمل ہوگیا ہے ، متحدہ مجلس عمل کی سپریم کونسل کے اجلاس میں بھی ان معاملات کا حل نکال لیا جائیگا ، متحدہ مجلس عمل کا اتحاد نظام مصطفیؐ اور ملک کو مستحکم ، خوشحال اور پرامن اسلامی پاکستان دیناہے، لیاقت بلوچ نے برطانیہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی ٹیم کی برطانوی ٹیم کے مقابلہ میں ہر شعبہ کی کارکردگی شاندار رہی ، پوری ٹیم نے اہلیت ثابت کی اور توقع ہے کہ فتوحات کا سلسلہ کھلاڑی جاری رکھیں گے ۔