ملکی آبادی میں نوجوان ووٹرز کی تعداد 44 فیصد ہے، الیکشن کمیشن

حتمی ووٹرز فہرست میں 44 فیصد ووٹرز 35 سال کی عمر تک کے نوجوان ہیں

پیر 28 مئی 2018 17:01

ملکی آبادی میں نوجوان ووٹرز کی تعداد 44 فیصد ہے، الیکشن کمیشن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کے لئے ووٹرز کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ حتمی ووٹرز فہرست میں 44 فیصد ووٹرز 35 سال کی عمر تک کے نوجوان ہیں، جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ووٹرز آبادی کے مقابلے میں نصف کی حد کو عبور کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے اعدادو شمار کے مطابق 18 سے 25 سال تک کے نوجوانوں کی تعداد کل ووٹرز میں 16.46 فیصد ہے، 26 سے 35 سال تک کے ووٹرز کی تعداد 27.36 فیصد ہے۔

حتمی فہرست کے مطابق 36 سے 45 سال تک کے ووٹرز کی تعداد 21.22 فیصد ہے، 46 سے 55 سال تک کے افراد کی تعداد 15.22 فیصد ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 56 سے 66 سال تک کے ووٹرز کی تعداد9.70 فیصد اور 66 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 10.02 فیصد ہے۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی ووٹرز میں مرد ووٹرز کی تعداد 55.89 فیصد ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 44.10 فیصد ہے۔ خواتین ووٹرز کی تعداد میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔