خطاطی کا علم مسلمانوں کی نمایاں میراث ہے جو عدم توجہی کا شکار رہی،مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی

پیر 28 مئی 2018 17:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) ادارہ فروغ قومی زبان میں قائم ہونے والا شعبہ خطاطی ہمارے مسلم ورثہ کے فروغ کا باعث بنے گا۔ یہ بات مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے ادارہ فروغ قومی میں شعبہ خطاطی گیلری کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ خطاطی کا علم مسلمانوں کی نمایاں میراث ہے جو عدم توجہی کا شکار رہی۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ جب انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کا چارج سنبھالا تو ان کی یہ خواہش تھی کہ مسلمانوں کے خطاطی جیسے عظیم ورثہ کو دوبارہ سے زندہ کرنے کیلئے کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میںڈویژن کے وفاقی سیکرٹری انجینئر عامر حسن، جائنٹ سیکرٹری سیّد جنید اخلاق اور ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے بھرپور تعاون کیا اور آج شعبہ خطاطی کا آغاز ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس میں مختلف مدت کے خطاطی کے کورس ہوں گے جن سے بچے، نوجوان، خواتین، مرد، ہر طبقہ فکر اور ہر عمر کے افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ شعبہ خطاطی گیلری کے افتتاح کے موقع پر این بی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید اور خطاطی کے اساتذہ و طالب علموں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ عرفان صدیقی نے ادارہ فروغ قومی زبان کے افسران و عملہ کو شاباش دی اور ان کی علمی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف نے مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی اور ڈویژن کے سیکرٹری اور افسران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ادارہ فروغ قومی زبان کی طرف سے عرفان صدیقی کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔