دھرنے کی سیاست کو عوام نے مستردکردیا ہے،حافظ حفیظ الرحمن

پیر 28 مئی 2018 17:10

دھرنے کی سیاست کو عوام نے مستردکردیا ہے،حافظ حفیظ الرحمن
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ دھرنے کی سیاست کوعوام نے مستردکردیاہے ، گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں ، مسلم لیگ ن کی تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام نے دو تہائی اکثریت سے مینڈیٹ دیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گلگت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ڈھائی سال میں 70سال سے زیادہ کے تعمیر و ترقی کے منصوبے مکمل کئے۔ مخالفین کو اپنی سیاست ختم ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔ مخالفین کا ایجنڈا تعمیر و ترقی کا نہیں بلکہ یہ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن وہ جماعت ہے جس نے گلگت بلتستان کی اسمبلی اور حکومت کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر امور کشمیر نے اپنے اختیارات گلگت بلتستان اسمبلی اورحکومت کو دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

سابقہ حکومت میں 5 ارب کا بجٹ ہوتا تھا اب گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 25 ارب ہوا ہے ۔ پی ایس ڈی پی میں 100ارب سے زیادہ کے منصوبے گلگت بلتستان کو مل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام پی ایس ڈی پی منصوبوں کی رفتار اورمعیار کو یقینی بنانے کیلئے پرنسپل اکاونٹنگ آفیسر کا اختیار چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو دیا ہے جبکہ اس سے قبل پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کا پرنسپل اکاونٹنگ آفیسر سیکریٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ہوتا تھا۔