پی ٹی آئی نے ملک سے کرپشن اور کرپٹ مافیا کے خاتمے کا پختہ عزم کررکھا ہے،عبدالباری بڑیچ

اقتدار میں آکر قوم کو کرپشن ،اقربا پروری اوراستحصال سے نجات دلائیں گے،رہنماء پی ٹی آئی بلوچستان

پیر مئی 17:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان ویسٹ ریجن کے صدر عبدالباری بڑیچ ، صوبائی رہنما حاجی سیف اللہ کاکڑ،داود خان ، فرید کاکڑ اور دیگر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ملک سے کرپشن اور کرپٹ مافیا کے خاتمے کا پختہ عزم کررکھا ہے اقتدار میں آکر قوم کو کرپشن ،اقربا پروری اوراستحصال سے نجات دلائیں گے،موجودہ کرپٹ اوربدعنوان حکمرانوں نے ملک کو بحرانوں سے دوچار کردیا ہے ملک کے تمام مسائل کا حل صرف اورصرف تحریک انصاف کے پاس ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو کلی نوحصار میں مختلف قوم پرست اور مذہبی جماعتوں سے مستعفی ہوکر سینکڑوں افراد کی صوبائی رہنما حاجی سیف اللہ کاکڑ کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 2018ن کے الیکشن لئے پی ٹی آئی تیاری مکملن ہے لوگ پی ٹی آئی میں آرہے اور پی ٹی آئی بلوچستان بھر میں انتخابات میںبھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔

انہوں نے کہا کہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی یہ بات طے ہے کہ ڈاکو حکمرانوں کو سسٹم سے نکالے بغیر ترقی کے راستے نہیں کھل سکتے یہی وجہ ہے کہ عمران خان پاکستان میں لوٹ مار کے خلاف جدوجہد کررہا ہے تحریک انصاف کا ایک سیاسی کردار ہے پورا پاکستان تحریک انصاف کی طرف رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف شروع دن سے غریب عوام کے حقوق اور عزت کی بحالی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے عمران خان کی اس سلسلے میں ایک طویل جدوجہد ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا کہ نااہل اور کرپٹ اشرافیہ کی چاکری کے بجائے اپنے مستقبل کیلئے کھڑے ہوں کب تک ہم ایک محدود طبقے کی خوشحالی کی خاطر اپنے مستقبل پر سمجھوتہ کرتے رہیں گے تحریک انصاف کی جدوجہد کا ثمر ہے کہ آج طاقتور ترین سیاستدان بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف اس وقت پورے ملک میں متوسط طبقے کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے اوربلوچستان میں روزانہ کی بنیاد پر عوام و خواص پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں اورانشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی ملک بھر سے بھر پور کامیابی حاصل کریگی آنیوالی حکومت تحر یک انصاف کی ہوگی اور عمران خان کو وزیر اعظم بننے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی کیونکہ قوم تبدیلی کے حق میں فیصلہ سنا چکے ہیں۔انہوں نے نئے شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امیدظاہرکی کہ نئے شامل ہونے والے پارٹی کو علاقے میں فعال اور منظم بنانے میں اپنا بھر پور کردار دا کرینگے۔