سول سوسائٹی ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے دوسرے روز بھی وائس آف مسنگ پرسن کی حمایت میں احتجاج

پیر 28 مئی 2018 17:34

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) سول سوسائٹی ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے دوسرے روز بھی وائس آف مسنگ پرسن کی حمایت میں پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے سامنے کیمپ لگاکر احتجاج کیا گیا، اس موقع پر مختلف قومپرست تنظیموں جسقم، جیئے سندھ تحریک، سندھ یونائٹڈ پارٹی سمیت دیگر تنظیموں کے رہنمائوںنے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر جسقم بشیر خان قریشی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر نیاز کالانی، جسقم آریسر کے قائم مقام صدر امیر آزاد پنہور، جیئے سندھ تحریک کے عبدالخالق خاصخیلی، سندھ یونائٹڈ پارٹی کے شاہد نور میمن، میر امیر علی ٹالپر، عنایت کنبھار، دولت ہالیپوٹہ، شاہ فہد بھٹی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے سندھ کے قومی کارکنوں کو بلاوجہ گرفتار کر کے لاپتا کر رہے ہیں، جبکہ دیگر قومی کارکنوں کو سندھ کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے پر حراساں کر رہے ہیں، سندھ دھرتی کی حفاظت کے لئے ہماری پرامن جدوجہد جاری رہے اور سندھ کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

سندھ کے قومی کارکنوں کو کافی عرصے سے گرفتار کر کے لاپتا کیا جا رہا ہے، اور دیگر کارکنوں کو حراساں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش میں ہماری مدد کی جائے اور جب تک لاپتا افراد مل نہیں جاتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔