یوم تکبیر پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کا دن ہے‘ قوم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے‘ وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس

پیر 28 مئی 2018 18:25

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ یوم تکبیر اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔آج پوری قوم ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو اسلامی ملکوں کی پہلی ایٹمی پاور کے طور پر ابھرنے والے دنیا کے ساتویں بڑے ملک پاکستان کے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار یوم تکبیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوے کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ قائد پاکستان کو اس وقت بھی امریکہ سمیت کئی ملکوں نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے عوض بھاری مراعات کی پیشکش کی تھی مگر انہوں نے پاکستان کے وقار کو مدنظر رکھا اور پاکستان نے بھارت کے پانچ دھماکوں کے جواب میں سات دھماکے کر کے اپنی دھاک بٹھا دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان محمد نواز شریف نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور آج کسی کو ہمت نہیں کہ وہ وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے سائنسدانوں کی خدمات کو بھی سراہاجن کی شبانہ روز محنت نے پاکستان کو دفاعی طور پر مضبوط تر بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کے دور رس اقدامات کی وجہ سے ملک معاشی طور پر بھی مضبوط ٹریک پر آچکا ہے جبکہ عوام نے اگر پھر موقع دیا تو محمد نواز شریف کی قیادت میں اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلیے دن رات ایک کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیائے اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت کے طور پر انتہائی اہم پوزیشن کا حامل ہے۔وہ بھارت جو ہر وقت دھمکیاں دیتا تھا اپنی جگہ پر آ چکا ہے اور ملک میں اپنے جاسوسی نیٹ ورک کے ذریعے افراتفری پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے جس کا ایک ثبوت کلبھوشن کی صورت میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی اور میزائل نظام دنیا کا بہترین نظام ہے یہی وجہ ہے کہ اب بھارت کسی قسم کی مہم جوئی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ چاغی پہاڑ ہمیشہ کیلیے امر ہو گیا ہے کیونکہ یہ وطن عزیز کی طاقت اور ہیبت کا استعارہ بن چکا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔