شاردہ سے مظفرآباد جانے والی مسافر جیپ دریائے نیلم میں جاگری‘ تین افراد جاں بحق

پیر 28 مئی 2018 18:39

آٹھ مقام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) شاردہ سے مظفرآباد جانے والی مسافر جیپ دریائے نیلم میں جاگری تین افراد جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق بالائی نیلم شاردہ سے اتوار کی شب ایک مسافر جیپ مظفرآباد کی طرف جا رہی تھی کہ دیولیاں کے مقام پر رات دس بجے کے قریب جیپ نامعلوم وجوہات کی وجہ سے دریائے نیلم میں جا گری ہے۔ جس سے تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر پٹہکہ محی الدین گیلانی کے بتایا کہ جیپ دریا میں ڈوب گئی ہے جبکہ پولیس کو دریا کے کنارے سے تین نعشیں ملی ہیں۔ مرنے والوں میں ارشاد ولد شاہنواز خان، وسیم ولد ارشاد، ڈرائیور محمد شاہزمان ولد شاہزاللہ اقوام کونشی ساکنان کھریگام سرگن کی نعشیں ٹی ایچ کیو پٹہکہ منتقل کی گئی ہیں جہاں سے انھیں تدفین کے لئے ورثاء کے حوالے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جیپ کو حادثہ رات کے وقت پیش آیا ہے۔ سواریوں کی کل تعداد کا علم نہیں ہو سکا ہے کیوں کہ جیپ دریا میں ڈوب گئی ہے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید نے حادثہ پر گہرے رنج غم کا اظہار کیا ہے اور بروقت ریسکیو نہ ہونے پر حکومت کی غفلت کی مذمت کی ہے انھوں نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے چوبیس گھنٹے کے اندر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔