پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا نوازشریف کا عظیم کارنامہ ہے ،شبیرانصاری

ایٹمی پاکستان نوازشریف کے لیے ایک قومی مشن تھا جسے انہوںنے اپنی جان پر کھیل کر پوراکیا ،رہنما مسلم لیگ (ن)

پیر 28 مئی 2018 19:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبروسابق ایم این اے صاحبزادہ شبیر حسن انصار ی نے کہاہے کہ پاکستان کو ناقابل تسخیر ملک بنانا میاں نوازشریف کا عظیم کارنامہ ہے ،اس روزپاکستان نے اپنی ازلی دشمن بھارت کا غرور خاک میں ملادیا تھا،آج سے بیس سال پہلے نوازشریف کی قیادت میں ایک منتخب جمہوری حکومت نے بھارت کے چیلنج کے جواب میں اس کے اوسان خطا کردیئے تھے پاکستان نے ایٹمی دھماکہ کرکے یہ ثابت کردیا تھا کہ پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ہم صفا ہستی سے مٹادینے کا جزبہ بھی رکھتے ہیں،تاریخ گواہ ہے کہ ایٹمی دھماکہ کرنا بلاشبہ نوازشریف کا ایک عظیم کارنامہ تھا،امریکا نے میاں نوازشریف کو ایٹمی دھماکہ کرنے سے روکنے کے لیے اربوں ڈالر کی پیشکش کی آج جو الزامات ایک محب وطن پر لگائے جارہے ہیں امریکا سے ملنے والی رقم اس سے کئی گناہ زیادہ رقم تھی،ان خیالات کااظہار انہوںنے حیدرآباد میں این 227میں قائم میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا،انہوںنے کہاکہ ایٹمی پاکستان نوازشریف کے لیے ایک قومی مشن تھا جسے وہ اپنی جان پر کھیل کر بھی پوراکرنا چاہتے تھے ، لہذا میاں نوازشریف کو غدار کہنے والے اس قوم کے ہیرو کے احسانات کو یاد رکھیں انہوںنے کہاکہ نوازشریف پاکستان کو ناقابل تسخیربنانے کے لیے کسی بھی سپرپاور کو خاطر میں نہ لائے ،اور یہ ہی وجہ ہے کہ آج پاکستان پوری دنیا میں ایٹمی قوت کے طور پر پہچانا جاتا ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان عالم اسلام میں وہ واحد ملک ہے جسے مغربی طاقتیں بھی ایک بھرپور دفاعی ملک کے نام سے یاد کرتی ہیں ، انہوںنے کہاکہ اپنے ہر دور میں دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانے والے نوازشریف کا نام تاریخ ہمیشہ سنہرے لفظوں میں لکھتی رہے گی کیونکہ جب جب اس ملک کی عوام یوم تکبیر منایا کریگی اس روز میاں نوازشریف کو بھی خراج تحسین پیش کرنا لازم ہوگا۔