حکومت کو ایک ڈر تھا جس کی وجہ سے ناصر الملک کو نگران وزیراعظم بنانے کا اعلان کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مئی 2018 17:17

حکومت کو ایک ڈر تھا جس کی وجہ سے ناصر الملک کو نگران وزیراعظم بنانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 مئی 2018ء) : نگران وزیر اعظم کے نام کے اعلان پر نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے معروف صحافی محمد مالک نے کہا کہ جسٹس (ر) ناصر الملک ایک اچھے وزیر اعظم ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) ناصر الملک ایک غیر متنازعہ شخصیت ہیں ، وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے ایک اچھا انتخاب ہے، حالانکہ اس سے قبل یہ خبریں آ رہی تھیں کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ کسی جج کو نگران وزیراعظم نہیں ہونا چاہئیے۔

لہٰذا ایک جج کا ہی نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد ہونا ایک دلچسپ بات ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایک ڈر تھا جس کی وجہ سے ناصر الملک کو ہی نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہ ڈر، وہ خطرہ یہ تھا کہ اگریہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جاتا تو کمیٹی سے اس معاملے کا فیصلہ نہیں ہونا تھا ،اور پھر یہ ڈر ظاہر کیا گیا کہ کہیں یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس نہ چلا جائے اور ایک تاثر یہ بھی دیا جاتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ الیکشن کمیشن کے ذریعے اپنا وزیر اعظم نہ لے آئے۔

(جاری ہے)

لیکن ناصر الملک کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے ، میرا خیال ہے کہ یہ معاملہ ٹھیک ہو گیا ہے۔ یہ انتخاب سب سے زیادہ پوزیٹو پوائنٹس رکھنے کی بنیاد پر نہیں ہوا بلکہ سب سے کم منفی پوائنٹس رکھنے کی بنیاد پر ہوا ہے۔ جس کے خلاف کوئی منفی بات نہیں تھی، اسی شخصیت کو یہ عہدہ دیا جانا تھا۔ اور ناصر الملک کا انتخاب بھی اس بنیا د پر ہوا ہے ۔حالانکہ جلیل عباس جیلانی اس عہدے کے لیے بہتر اُمیدوار تھے ، کیونکہ ان کا غیر ملکی معاملات کا تجربہ بھی ہے اس کے برعکس ناصر الملک کا ایسا کوئی تجربہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ آج اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نگران وزیر اعظم کے نام کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک کے نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک ہوں گے، واضح رہے کہ جسٹس (ر) ناصر الملک پاکستان کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔