آئی پی ایل ،راشد خان نے اچھا مسلمان ہونے کا ثبوت دے دیا

لیگ سپنر کے مداح ان کی سادگی کے ”فین “ ہوگئے

پیر 28 مئی 2018 17:28

آئی پی ایل ،راشد خان نے اچھا مسلمان ہونے کا ثبوت دے دیا
حیدر آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018 ء) انڈین پریمیئر لیگ 2018ء(آئی پی ایل )کی فائنلسٹ فرنچائز سن رائزرز حیدر آباد کے افغان لیگ سپنر راشد خان کوایلیمنیٹر میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو شکست دینے کے بعد ٹیم کے ساتھ جشن منانے کے دوران ویٹر سے شراب کی بوتل لینے سے منع کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ویڈیو میں کولکتہ نائٹ رائیڈز کیخلاف ایلیمینیٹر میچ میں پہلے بیٹ اور پھر گیند کے ساتھ شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرکے مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے راشد خان کو ہوٹل میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

جشن کے دوران کیک کاٹنے کے بعد سن رائزرز حیدر آباد کی ٹیم کے ایک ممبر نے 19سالہ راشد خان کو شراب کی بوتل پکڑانا چاہی لیکن انہوں نے اسے چھونے سے بھی انکار کردیا۔

(جاری ہے)

اسلام میں شراب پینا یا اس کی نمائش کرنا بھی حرام ہے اور ایک مسلمان ہونے کے باعث راشد خان بھی اس پر پوری طرح سے کار بند ہیں ۔راشد کی اس سادگی اور عمل نے ان کے مداحوں نے دل جیت لیے ہیں جنہوں نے انہیں مبارک باد دی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی مسلم کرکٹر نے کامیابی کے بعد شراب کے ساتھ جشن منانے سے انکار کیا ۔ برطانوی آل راﺅنڈر معین علی ، لیگ سپنر عادل رشید اور سابق جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملا نے کبھی شراب کی تشہیر میں حصہ نہیں لیا اور وہ اپنی اپنی ٹیموں کے شراب کے ہمرا ہ جشن منانے میں بھی شریک نہیں ہوتے۔راشد خان نے آئی پی ایل کے دوسرے ایلیمنیٹر میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 10گیندوں پر 34رنز سکور کیے تھے جب کہ گیندبازی میں بھی 3شکار کیے تھے ۔ راشد خان کو سن رائزر حیدر آباد نے نیلامی کے دوران 4کروڑ بھارتی روپے (597،000 امریکی ڈالرز) کے عوض خریدا تھا اور انہوںنے بھی اپنی فرنچائز کو مایوس نہیں کیا اور ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے سب کے دل جیت لیے ۔