رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بدترین عوام دشمنی ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

موجودہ حکومت تمام تر دعوئوں کے باوجود 5 سالہ دور حکومت میں لوڈشیڈنگ کا عذاب ختم نہیں کر سکی

پیر 28 مئی 2018 19:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بدترین عوام دشمنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذ شتہ روز رمضان المبار ک میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 6ماہ میں لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے والے حکمران پانچ سال میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں کر سکے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے رمضان المبارک کے مہینے میں روزہ داروں کو گرمی کے عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے جو کہ عوام دشمنی ہے۔ اب آئندہ الیکشن میں عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ جھوٹے وعدے کرنے والوں ، چوروں اور کرپٹ لوگوں کے ساتھ ہیں یا ایماندار اور محب وطن دیندار قیادت کے ساتھ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر لاہور سمیت پورے ملک میں لوڈشیڈنگ نے لوگوں کے مسائل اور پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے ۔ گرمی کی شدت میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کی مشکلات میںمبتلا کیا ہوا ہے جبکہ بار بار ٹرپنگ کی وجہ سے شہری اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہو ر ہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے شہر لاہور کی حقیقی ترجمانی کاحق ادا کرتے ہوئے آئندہ الیکشن میں با صلاحیت اور با کردار لیڈر شپ پیش کر ے گی ۔

جو کہ عوام کی توقعات پر پورا اُترتے ہوئے انہیں ایسے تمام مسائل سے نجات دلائے گی اور ایسی قیادت صرف ایم ایم اے کے پاس ہے جو عوام کے ان مسائل کو قریب سے سمجھتی ہے اور ان کے تدارک کیلئے راستہ جانتی ہے ۔ عوام اب ایسے جھوٹے خدمت کے دعویداروں اور تبدیلی کے نعروں لگانے والوں کے فریب میں نہیں آئیں گے ۔