بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف جموںوکشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے ،شبیر احمد ڈار

پیر 28 مئی 2018 19:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کہاہے کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف جموںوکشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جموںوکشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے جس کے حل کیلئے اقوام متحدہ نے متعدد قراردادیں منظور کر رکھی ہیں جن پر بھارت نے بھی دستخط کر رکھے ہیں اور وہ ان پر عمل درآمد کا پابند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت کی طرف سے کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قراردینا انتہائی گمراہ کن اور حقیقت سے بعیدہے کیونکہ پوری دنیا جموںوکشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی شاہد ہے اور بھارت نے جموںوکشمیر میں رائے شماری کرانے کا وعدہ پورا نہیں کیا ہے ۔ شبیر ڈار نے کہاکہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کا لائحہ عمل فراہم کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیریوںکو فوجی طاقت کے بل پر محکموم اور جموںوکشمیر پر اپنے فوجی تسلط کو طول دینا چاہتا ہے ۔ شبیر ڈار نے کہاکہ بھارت کشمیر مین سنگین جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے اور مستقبل قریب میں میں اسے ان جرائم کو حساب دیناہوگا ۔