متحدہ کاکراچی کی آبادی کو کم ظاہر کرنے کے حوالے سے تحفظات دور نہ کرنے پر قومی اسمبلی سے احتجاجاً واک آئوٹ

پیر 28 مئی 2018 19:53

اسلام آباد۔ 28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ نے مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو کم ظاہر کرنے کے حوالے سے تحفظات دور نہ کرنے پر قومی اسمبلی سے احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر شیخ صلاح الدین نے کہا کہ جسٹس (ر) ناصر الملک ایک دیانت دار شخصیت ہیں‘ توقع ہے کہ وہ آئندہ منتخب حکومت کے قیام کے حوالے سے اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کم ظاہر کی گئی‘ ہمیں سی سی آئی نے بھی یقین دلایا تھا کہ اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ الیکشن سر پر ہیں ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا گیا‘ ہم ایوان سے علامتی واک آئوٹ کریں گے۔ سپیکر نے کہا کہ یہ معاملہ سینٹ کی کمیٹی میں تھا وہاں التواء کا شکار ہونے کی وجہ سے معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔ اس کے ساتھ ہی ایم کیو ایم کے ارکان ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔