جماعت اسلامی پنجاب کا جسٹس (ر)ناصرالملک کوبطورنگران وزیر اعظم نامزد کرنے کاخیرمقدم

پیر 28 مئی 2018 20:08

لاہور۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ جسٹس(ر)ناصر الملک کوبطورنگران وزیراعظم نامزدکرنے کے فیصلے کاخیر مقدم کرتے ہیں، امیدکرتے ہیں کہ نگران وزیر اعظم آئین وقانون کے مطابق ملک میں شفاف اورمنصفانہ انتخابات کاانعقاد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جسٹس(ر)ناصر الملک متوازن شخصیت کے مالک اور بے داغ کردار کے حامل ہیں ان کابطورنگران وزیر اعظم کے لیے انتخاب کیاجاناخوش آئند ہے۔انتخابات کے انعقاد میں ایسی شخصیت ہی کی ضرورت تھی جو غیر متنازعہ ہو۔اس فیصلے سے پارلیمان نے اچھی روایت قائم کی ہے۔حکومت اور اپوزیشن نے ثابت کردیا ہے کہ جمہوریت پر کسی قسم کی کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ سیاستدان بالغ نظری کامظاہرہ کررہے ہیں اور اتفاق رائے سے ملک وقوم کے مستقبل کے فیصلے کیے جارہے ہیں۔ عام انتخابات کے بروقت انعقاد سے ہی ملک وقوم کوخوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ ناصر الملک باکردارجج رہے ہیں اور پورے ملک میں ان کانام عزت سے لیاجاتا ہے۔آئین کے مطابق ملک وقوم کی تقدیر کے فیصلے ہونے سے ہی جمہوری عمل کو تقویت ملے گی۔

جسٹس(ر)ناصر الملک پاکستان کے ساتویں نگران وزیر اعظم ہوں گے اس لیے شفاف انتخابات کی بڑی اور اہم ذمہ داری ان کے کندھوں پر آگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں عوام کے جذبات کوشدیدٹھیس پہنچائی جاتی رہی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو آئین وقانون کے مطابق چلایاجائے۔