بچوں کی لڑائی کے بعد جرگہ کے دوران رشتہ داروںکی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد قتل، قریبی رشتہ دار شدید زخمی ہو گئے

پیر مئی 20:12

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) بچوں کی لڑائی کے بعد جامع مسجد لنگرہ میں جرگہ کے دوران رشتہ داروںکی اندھا دھند فائرنگ سے چچا اور بھتیجا قتل،، قریبی رشتہ دار شدید زخمی ہو گیا، بھتیجا دو روز بعد ہسپتال میں دم تور گیا، تھانہ حویلیاں میں پانچ ملزمان پر مقدمہ درج، نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کے معروف ٹرانسپورٹر لنگرہ کے رہائشی ارشاد خان کے بیٹے الیاس خان اور ناصر خان حویلیاں میرا روڈ پر گاڑیوں کا شو روم چلاتے ہیں، اس کے علاوہ ان کے پاس ایبٹ آباد بس سٹینڈ، پیرودھائی اڈہ کے بھی ٹھیکے ہیں۔

لنگرہ گائوں میں بچوں کی لڑائی ہوئی جس میں بچ بچائو کرا دیا گیا۔ بعد ازاں بچوں کی لڑائی پر لنگرہ گائوں کی مسجد میں نماز تراویح کے بعد جرگہ رکھا گیا۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع کے مطابق جرگہ شروع ہونے سے قبل ہی الیاس خان کے بھائی ناصر خان کا اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ جھگڑا شروع ہو گیا اور مسجد کے صحن میں الیاس خان کے رشتہ داروں نذیر ولد عبدالستار، نسیم ولد ابراہیم، ناہید ولد ابراہیم، نوید ولد نذیر، حسین احمد ولد نذیر احمد اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں ناصر خان گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

الیاس خان کا بھتیجا حسن الیاس اور اشتیاق ولد فیاض الحسن گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے۔ واقع کی اطلاع تھانہ حویلیاں کو دی گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق پولیس کی نفری تین گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی تاہم اس دوران ملزمان علاقہ میں اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے۔ جاں بحق شخص کی نعش اور زخمی اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال منتقل کئے گئے۔ مقتول ناصر خان کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئی ہے جبکہ اشتیاق اور حسن ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں، اشتیاق دو روز بعد ہسپتال میں دم تور گیا، مقتول ناصر خان کے ورثاء کی دعویداری پر تھانہ حویلیاں میں ملزمان نذیر ولد عبدالستار، نسیم ولد ابراہیم، ناہید ولد ابراہیم، نوید ولد نذیر، حسین احمد ولد نذیر احمد ساکنان لنگرہ کے خلاف قتل،، اقدام قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ابھی تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ لنگرہ کے مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ حویلیاں کی نااہلی کی وجہ سے ملزمان فرار ہوئے اور پولیس کی نفری بھی دیر سے موقع پر پہنچی۔