سابق چیف سیکرٹری ناصرمحمود کھوسہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد

ناصرکھوسہ اچھی شہرت کی حامل شخصیت ہیں،ہم چاہتے ہیں الیکشن صاف شفاف اوروقت پرہوں،امید ہےکہ ناصرکھوسہ شفاف الیکشن کروانے میں اہم کردارادا کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی میاں محمو دالرشید کے ہمراہ پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 28 مئی 2018 18:02

سابق چیف سیکرٹری ناصرمحمود کھوسہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 مئی 2018ء) : وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پراتفاق کرلیا ہے، الیکشن 2018ء کیلئے ناصرمحمود کھوسہ کو بطورنگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈرمیاں محمو دالرشید کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پراتفاق کرنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف سیکرٹری پنجاب ناصرمحمود کھوسہ اچھی شہرت کی حامل شخصیت ہیں۔ امید ہے کہ ناصرمحمود کھوسہ شفاف الیکشن کروانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پراور صاف شفاف ہوں۔

جبکہ الیکشن میں امن وامان بھی قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کوجمہوری نظام کے ذریعے ترقی پرگامزن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی ٰپنجاب کیلئے پرسوں ہم ملے تھے۔ تاہم آج نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق پا گیا ہے۔ میں میاں محمود الرشید کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے تعاون کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے جسٹس ناصرالملک کی نامزدگی جمہوریت اور پارلیمان کیلئے خوش آئندہ ہے۔ واضح رہے نامزد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ناصرمحمود کھوسہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ناصر محمود کھوسہ نے ورلڈ بینک میں بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔ ناصرمحمود کھوسہ سپریم کورٹ کے جج آصف سعید کھوسہ کے بھائی ہیں۔