کوہا ٹ،پولیس نے لاکھوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

پیر 28 مئی 2018 20:16

کوہا ٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔انڈس ہائی وے پر لاچی کے قریب پولیس کاروائی میں موٹر کارسے چرس کی بھاری کھیپ برآمد کرکے منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی پولیس کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب تھانہ لاچی کے ہیڈ کانسٹیبل لعل زادہ نے دیگر پولیس پارٹی کے ہمراہ سوموار کی صبح ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبرکوہاٹ B-4741کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی مجموعی طور پر چھ کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے کھجوری خیبر سے تعلق رکھنے والے منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر صابر خان ولد حضرت شاہ کو موٹر کار سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس نے چرس سمگل کرنے کے جرم میں گرفتار منشیات سمگلر کے خلاف تھانہ لاچی میں مقدمہ درج کرلیا ہے جس نے ابتدائی پوچھ گچھ میں لاکھوںمالیت کی چرس ضلع خیبر سے صوبے کی جنوبی اضلاع کو سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے جبکہ زیر حراست منشیات سمگلر سے پکڑی گئی چرس سمگلنگ کے سلسلے میںمزیدبھی تفتیش جاری ہے۔