Live Updates

باریوں کی سیاست کرنے والوں کا وقت ختم ہوچکا ہے، الیاس شیخ

پیر 28 مئی 2018 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ نے کہا ہے کہ باریوں کی سیاست کرنے والوں کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ ان کی کرپشن، لوٹ مار اور اقربا پروری نے سندھ کو بدحال کردیا ہے۔ آج سندھ کے ستر فیصد لوگ مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے دعویداروں نے گزشتہ چالیس سالوں میں صاف پانی تک عوام کو فراہم نہیں کیا۔

ان کے دعوے صرف دعوے رہ گئے ۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں میڈیا کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس اجلاس میں صوبہ سندھ کے تمام اضلاع اور ڈویژنز کے سیکریٹری اطلاعات نے شرکت کی۔ اس موقعے پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سندھ دوا خان صابر، طاہر ملک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

الیاس شیخ نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں سندھ کے لوگ تحریک انصاف کے نمائندوں کو منتخب کریں گے۔

تحریک انصاف کراچی سے لے کر اوباڑو تک پورے سندھ کے اٹھانوے فیصد عوام کو متحد کر رہی ہے۔ سندھ کو ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کا وقت قریب آچکا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کا نظریہ اور منشور گلی گلی گھر گھر پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ الیاس شیخ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت اور خصوصاً سیکریٹری اطلاعات اپنے اضلاع کی سطح پر پیپلزپارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کی داستانوں کو بے نقاب کریں اور عوام کو بتایا جائے کہ سندھ کے اربوں روپے زرداری اینڈ کمپنی نے لوٹ کر بیرون ممالک منتقل کردئیے ہیں۔

سندھ کے وسائل پر قابض زرداری ٹولے سے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔ اس ملک کا مستقبل تحریک انصاف ہے ۔ سندھ کے نوجوان چیئرمین عمران خان کو امید کی آخری کرن سمجھتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات