سعودی عرب ،2020تک طیاروںکے پر زہ جات کی تیاری شروع کردے گا

منصوبے سے پبلک سیکٹر میں ہزاروں سعودی شہریوں کو روزگار مہیاکیا جا سکے گا،چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر انجینئرمنصور العید

پیر 28 مئی 2018 20:47

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2018ء) سعودی عرب 2020تک طیاروںکے پر زہ جات کی تیاری شروع کردے گا،منصوبے سے پبلک سیکٹر میں ہزاروں سعودی شہریوں کو روزگار مہیاکیا جا سکے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی فوجی سازو سامان تیار کرنے کی ذمہ دار کمپنی سامی نے جدہ شہر میں جہازوں کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے اسپئرپارٹس کی تیاری کے لیے کام تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے۔

ہوائی جہازوں کی کمپنی اے اے سی سی کے ساتھ مل کر 2020 تک ہوائی جہازوں کے اسپیرپارٹس کی تیاری شروع کردے گی۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی ایئر کرافٹ ایکیوپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر انجینئرمنصور العید نے بتایاکہ فرم 2020 سے ٹائیفون طیاروں کے اسپیرپارٹس کی تیاری شروع کردے گی تاہم سول طیاروں کے اسپئرپارٹس کی تیاری 2019 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر ہوائی جہازوں کے پرزہ جات کی تیاری سے اخراجات میں کمی، ان کی درآمدات سے منافع کمانے اور قومی پیدواواری صلاحیت میں اضافے کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔ مسلح افواج کو بیرون ملک سے جہازوں کے پرزے منگوانے کی پریشانی ختم ہوگی اور پبلک سیکٹر میں ہزاروں سعودی شہریوں کو روزگار مہیا جا سکے گا۔