لارڈز ٹیسٹ، آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم کو جرمانہ کر دیا

کپتان سرفراز احمد کو اپنی 60فیصد میچ فیس جبکہ باقی کھلاڑیوں کو 30فیصد میچ فیس بطور جرمانہ عائد کیا گیا

پیر مئی 21:00

لارڈز ٹیسٹ، آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم کو جرمانہ کر ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم پر انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کیا ہے۔لندن میں لارڈز کے تاریخی کرکٹ میدان پر کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستان نے نو وکٹوں سے جیت لیا تھا۔اس ٹیسٹ میچ میں آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے پاکستان کو دیے گئے مقررہ وقت میں 3اوور کم کروانے پر یہ جرمانہ عائد کیا ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اس قسم کی تاخیر پر فی اوور10 فیصد میچ فیس بطور جرمانہ وصول کی جاتی ہے اور کپتان کو دگنا جرمانہ ہوتا ہے۔چنانچہ اب پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو اپنی 60 فیصد میچ فیس جبکہ باقی کھلاڑیوں کو 30فیصد میچ فیس بطور جرمانہ ادا کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سرفراز احمد کی جانب سے غلطی اور سزا قبول کر لینے کی وجہ سے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

آئی سی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پاکستان سرفراز احمد کی کپتانی میں آئندہ ایک برس میں دوبارہ کسی ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ کا مرتکب ہوتا ہے تو اس صورت میں سرفراز احمد کو ایک میچ کی معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔خیال رہے کہ اتوار کو ختم ہونے والے لارڈز ٹیسٹ میں فتح کے نتیجے میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل ہو گئی ہے۔اس سیریز کا دوسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ یکم جون سے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔